حضورآباد میں کانگریس کی انتخابی مہم، مانکیم ٹائیگور کا روڈ شو

   

حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) حضورآباد کی انتخابی مہم میں پہلی مرتبہ کانگریس نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹائیگور نے آج حضورآباد کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی امیدوار بی وینکٹ کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ مانکیم ٹائیگور کے ہمراہ اے آئی سی سی تشہیر کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ اور سابق رکن پارلیمنٹ کریم نگر پونم پربھاکر موجود تھے۔ مانکیم ٹائیگور نے روڈ شو کا اہتمام کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ 30 اکٹوبر کو کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ اُنھوں نے جمی کنٹہ منڈل میں روڈ شو منعقد کیا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مانکیم ٹائیگور کل رات کریم نگر پہونچے اور صبح میں ضلع سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ دیہاتوں کی سطح پر انچارجس کا تقرر عمل میں لائیں تاکہ عوام سے بہتر رابطہ برقرار رہے۔ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے مانکیم ٹائیگور نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی اُن کی بھلائی کے اقدامات کرے گی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میچ فکسنگ کے ذریعہ الیکشن لڑرہے ہیں۔ کے سی آر حکومت ہر معاملہ میں نریندر مودی حکومت کی تائید کررہی ہے لہذا عوام پر مہنگائی کے بوجھ کے لئے کے سی آر برابر کے ذمہ دار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کو عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ ر