8 اکٹوبر تک پرچہ نامزدگی کا ادخال، انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ، ٹی آر ایس اور بی جے پی کو راحت
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں سیاسی جماعتوں میں جاری اُلجھن کا خاتمہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کردیا۔ حضورآباد میں 30 اکٹوبر کو رائے دہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی کریم نگر اور ہنمکنڈہ اضلاع میں فوری اثر کے ساتھ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق یکم اکٹوبر کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 8 اکٹوبر تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ 11 اکٹوبر کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ ہوگی۔ 13 اکٹوبر تک پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے۔ 30 اکٹوبر کو رائے دہی ہوگی جبکہ 2 نومبر کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ حضورآباد ضمنی چناؤ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کے اسمبلی سے استعفی کے نتیجہ میں منعقد ہورہا ہے جنہوں نے 12 جون کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیا تھا جس کے بعد سے حلقہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز ہوگیا۔ طویل انتخابی مہم کے نتیجہ میں قائدین اور پارٹی کارکن تھک سے گئے تھے اور انہیں انتخابی شیڈول کا بے چینی سے انتظار تھا۔ بی جے پی نے ایٹالہ راجندر کی امیدواری کا اگرچہ سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا ہے لیکن انتخابی مہم میں پارٹی کے قومی قائدین نے راجندر کی کامیابی کی اپیل کرتے ہوئے انہیں امیدوار بنائے جانے کا واضح اشارہ دیا ہے۔ تلنگانہ تحریک میں سرگرم رول ادا کرنے والے اسٹوڈنٹ لیڈر جی سرینواس یادو کو ٹی آر ایس نے اپنا امیدوار بنایا ہے اور ریاستی وزراء ہریش راؤ، کے ایشور اور جی کملاکر انتخابی مہم کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حضورآباد کے علاوہ آندھرا پردیش کے بدویل اسمبلی حلقہ کیلئے 30 اکٹوبر کو ضمنی چناؤ کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں 28 اسمبلی اور 3 لوک سبھا حلقوں کیلئے شیڈول جاری کیا گیا۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل نے کہا کہ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی کریم نگر اور ہنمکنڈہ اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق آج سے ہی نافذ ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے بعض منڈل دونوں اضلاع پر محیط ہیں۔ ششانک گوئل نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کیلئے ریالیوں کی ہرگز اجازت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف 3 افراد کو ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچنے کی اجازت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں کوویڈ قواعد پر بہر صورت عمل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں روڈ شو اور بائیک ریالیوں کی اجازت نہیں رہے گی۔ رائے دہی سے 72 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سلسلہ میں متعلقہ ضلع کلکٹرس علحدہ احکامات جاری کریں گے۔ ششانک گوئل نے دونوں اضلاع کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضابطہ اخلاق کو سختی سے نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں ای وی ایم مشینوں کی جانچ مکمل کرلی گئی ہے۔ ر