حضور نگر میں عوام اور ٹی آر ایس میں اصل مقابلہ

   

کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی کو کامیاب بنانے اتم کمارریڈی کی اپیل
سوریا پیٹ۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان نلگنڈہ این اتم کمار ریڈی نے حضور نگر اسمبلی ضمنی انتخاب کے مختلف منڈلوں اور مواضعات میں انتخابی جلسوں اور روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس امیدوار اتم پدماوتی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے اس ضمنی انتخاب کو پارٹیوں کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ یہ عوام اور ٹی آر ایس حکومت کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست پر ایک خاندان کی اجارہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام روز بروز نت نئے مسائل کا شکار ہورہے ہیں لیکن کے سی آر اور حکومت خوش فہمی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو کے سی آر حکومت نے محض اپنی نااہلی کی وجہ سے مفلوج بنادیا ہے۔ کے سی آر عوامی تائید کے حصول کیلئے بلند بانگ دعوے اور وعدے کرکے فراموش کردیتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر کو وعدہ فراموش نااہل حکمران قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ میں کانگریس کے دور حکومت میں انہوں نے کروڑہا روپئے کے ترقیاتی کام کئے ہیں جس کا بچہ سے لے کر بوڑھے تک ہر کوئی گواہ ہے۔