حقیقت پر مبنی بجٹ کی تیاری ‘ ڈپٹی چیف منسٹر کا اجلاس

   

حیدرآباد18 جنوری(سیاست نیوز) حکومت حقیقت پر مبنی بجٹ پیش کرنے تیاریوں کا آغاز کرچکی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے مختلف محکموں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرکے بجٹ کی تیاری ‘سفارشات پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزارت فینانس سے آئندہ چند یوم میں بیشتر محکمہ جات کے اجلاس میںان کے مطالبات زر کا جائزہ لیا جائے گا اور حقیقت پر مبنی بجٹ کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانگریس حکومت کی جانب سے اعداد وشمار سے کھلواڑ کے ساتھ بجٹ پیش نہ کرنے کا اعلان کرکے کہا گیا تھا کہ حقیقت پر مبنی بجٹ پیش کیا جائے گا اور عوام کو ریاست کی معاشی حالت سے واقف کروایا جائے گا۔ آج اجلاس میں محکمہ زراعت ‘ اطلاعات و تعلقات عامہ و محکمہ مال کے مطالبات زر کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ ایک ہفتہ میں تمام محکمہ جات کی معاشی حالت اور درکار بجٹ کی تفصیلات کے ساتھ اجلاس کے بعد رپورٹ تیار کی جائے گی اور رپورٹ کی بنیاد پر بجٹ تیار کیا جائیگا ۔عہدیداروں نے بتایا کہ تمام محکموں کے مطالبات زر موصول ہوچکے ہیں اور ان کا محکمہ فینانس میں جائزہ لیا جارہا ہے ۔ حکومت نے فلاح و بہبود بجٹ میں تخفیف نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور بجٹ کی تیاری سے قبل جائزہ اجلاس منعقد کرکے صورتحال سے آگہی حاصل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔