حق شناسی و خوش خلقی ،حضرت خواجہ غریب نوازؒکا طرہ امتیاز تھا

   

معین محلہ شمس آباد میں خواتین کانفرنس کا تعارفی اجتماع، مفتیہ رضوانہ زرین کا خطاب

شمس آباد یکم / فروری ( ذریعہ میل ) ڈاکٹرمفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے معین محلہ شمس آبادمیں منعقدہ خواتین کے اجتماع بضمن جامعۃ المؤمنات کی دویومی کل ہند خواتین کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سلطان الہندخواجہ خواجگان وارث النبی عطائے رسول معین الحق والملت والشرع والہدیٰ والدین خواجہ معین الدین حسن سنجری چشتی اجمیری غریب نواز ؒ نور اللہ مرقدہ خاندان رسالت کے وہ روشن چراغ ہیں جسکی نورانی شعا عوں نے نہ صرف سر زمین ہند میں ہزاروں قلوب کو نور توحید وضیائے معرفت سے منور کردیا بلکہ تمام عالم میں اپنی لا زوال روشنی پھیلا دی آپ کو علم وفضل زہد وتقویٰ اور حق شناسی وخدارترسی میں طرہ امتیاز حاصل رہا ہے۔عالم اسلام میں آپ ہند الولی خواجہ خواجگان اور سلطان الہند سے مشہور ہیں۔ مخلوق خدا کے ساتھ محبت وخلوص کا برتاؤ آپ کی امتیازی شان تھی عاجزی وانکساری آپ کا وصف خاص تھا آپ کی شخصیت حق وصداقت جرات وہمت اور ایمان وعمل کی تفسیر تھی مشیت الٰہی اور حضور ﷺ کے عشق سے آپ کا پیمانہ قلب لبریزتھا اور ناظمہ عزیز مؤمناتی شیخ الفقہ جامعۃ المؤمنات نے کہا کہ نیک صالح اور صحیح تربیت یافتہ بچہ خاندان اور معاشرہ کیلئے ایک بہترین نعمت ہوتا ہے ،دنیا کی جتنی بھی عظیم شخصیتیں گذری ہیں انکی تربیت میں انکی ماں کا بڑا اہم کردار شامل رہا ہے،والدین اپنی اولاد کے ساتھ عدل وانصاف اور مساوات وبرابری کریںکسی کو زیادہ اور کسی کو کم نہ دیکھیں ورنہ یہ ظلم ہوگا، اگر ماں بچے کی تربیت غلط طور پر کرتی ہے تو اس کی پوری زندگی کی گاڑی ہمیشہ بگڑی رہے گی ۔ اس جلسہ میں مفتیہ ریشما تاج مؤمناتی، عالمہ اصفیہ انجم مؤمناتی، حافظہ عالمہ رمیصاء افشین مؤمناتی ،مولویہ کبریٰ داد خاںمخاطب کئے ۔ کنونیر جلسہ غلام دستگیر گورنمنٹ اسکول نے پس پردہ جلسہ کے انتظامات کئے ۔ دعا وسلام پر جلسہ اختتام عمل میںلایا گیا۔