حیدرآباد 21 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں آج ترجمان مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خاں خالد نے تفصیلی پیدل دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ امجد اللہ خاں خالد نے ایم بی ٹی قائدین اور کارکنوں کے ہمراہ دو مرحلوں میں حلقہ یاقوت پورہ کے بیشتر علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے صبح 11 بجے سے سہ پہر تین بجے تک یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن سے ظفر روڈ ‘ چندرا نگر ‘ مدینہ نگر ‘ دھوبی گھاٹ ‘ سادات نگر‘ غوث کیفے املی بن ‘ مولا کا چھلہ ‘ گنگا نگر نالہ ‘ یاقوت محل تھیٹر سے بڑا بازار تک جبکہ سہ پہر تین بجے سے شام 6 بجے تک والٹا ہوٹل سے تالاب کٹہ ‘ شاہ جہاں ہوٹل ‘ امان نگر بی ‘ مسجد ہدایت ‘ سالم چوک کے علاوہ نشیمن نگر کے تمام علاقوں کا دورہ کیا ۔ امجد اللہ خاں خالد کے دورہ میں عوام نے بھی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور انہیں اپنے مختلف مسائل سے واقف کروایا ۔ کئی مقامات پر ان کا عوام نے استقبال کیا اور ان کی شال پوشی اور گلپوشی بھی کی گئی ۔ مختلف مقامات پر معمر افراد اور خواتین نے ترجمان مجلس بچاؤ تحریک کو اپنے مسائل سے واقف کروایا اور نمائندگی کی ۔ مختلف مقامات پر سڑکوں کی زبوں حالی اور بلدی و آبرسانی مسائل سے امجد اللہ خاں خالد کو واقف کرواتے ہوئے کہا گیا کہ کئی مقامات پر سڑکیں کھودی گئی ہیںاور ان کی تعمیر نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں مقامی سطح پر عوام کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مساجد کو جانے والے مصلیان کرام اور اسکول وکالجس جانے والے طلباء و طالبات کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کئی مقامات پر معمر خواتین نے امجد اللہ خاں خالد کو دعاؤں سے بھی نوازا ۔ اس موقع پر کئی مقامات پر ترجمان مجلس بچاؤ تیحریک کی گلپوشی کی گئی ۔ اس تفصیلی دورہ کے موقع پر مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد بھی امجد اللہ خاںخالد کے ساتھ تھی ۔
