حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں خواتین و نوجوان ووٹرس میں تبدیلی کا رجحان

   

سماج کے تمام طبقات میں ایم بی ٹی امیدوار امجد اللہ خاں خالد کی بے لوث عوامی خدمات کے تذکرے ۔ معمر افراد کی بھی دعائیں

حیدرآباد 28 نومبر ( سیاست نیوز ) ریاست بھر میں انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آچکا ہے ۔ انتخابی سرگرمیاں تھم سی گئی ہیں اور اب سیاسی جماعتیں رائے دہی کی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں۔ ساری ریاست کی طرح پرانے شہر میں بھی انتخابی مہم میں شدت دیکھی گئی ۔ خاص طور پر حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار امجد اللہ خاںخالد کی انتخابی مہم نے سارے علاقہ میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔ اس حلقہ پر طویل عرصہ سے مجلس کا قبضہ ہے ۔ اس بار مجلس نے نامپلی کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کو یاقوت پورہ سے امیدوار بنایا ہے ۔ پارٹی کو یہ امید تھی کہ اس بار بھی انتخابات میں اسے بآسانی کامیابی مل جائے گی ۔ تاہم مجلس بچاؤ تحریک سے امجد اللہ خاں خالد کے انتخابی مقابلہ کے اعلان کے ساتھ ہی حلقہ میں صورتحال میں تبدیلی پیدا ہونے لگی اور خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین میں امجد اللہ خاں خالد کی مقبولیت نے انتخابی ماحول کو بدل کر رکھ دیا ہے ۔ امجد اللہ خاں خالد کسی عوام عہدہ کے بغیر نہ صرف حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ بلکہ سارے حیدرآباد اور تلنگانہ اضلاع کے مسلمانوں کی خدمت کا ایک متاثر کن ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ چار برسوں سے پرجا دربار کا اہتمام کرتے ہوئے سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں غریب ‘ مجبور ‘ بے بس ‘ بیمار اور پریشان حال خاندانوں کی مدد کی ہے ۔ پرجا دربار کے ذریعہ انہوں نے ان بے یار و مددگار غریب عوام کے مسائل کو عوام کے سامنے پیش کیا اور عوام کے ذریعہ ہی ان کی مدد کرواتے ہوئے ہزاروں خاندانوں کو راحت پہونچائی ہے ۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے دوران بھی انہوں نے تحدیدات اور پابندیوں کی پرواہ کئے بغیر خود بہ نفس نفیس عوام کے غریب اور مجبور خاندانوں تک پہونچتے ہوئے امداد پہونچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ امجد اللہ خاں خالد کے تعلق سے عوام میں یہ تاثر ہے کہ وہ کسی عہدہ کے بغیر بے تکان اور مسلسل عوامی خدمت کا ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ وہ کسی قوم اور عوام کے ہر مسئلہ میں بے لوث عوام کے درمیان پہونچ جاتے ہیں۔ غریب و بے سہارا خواتین کی مدد ہو یا بیماروں کی علاج و معالجہ کیلئے امداد ہو ‘ تعلیم کا بہترین ریکارڈ رکھنے والے غریب طلبا و طالبات کی اسکول و کالجس کی فیس کا مسئلہ ہو یا پھر شہر کے فینانسرس کی جانب سے غریب آٹو ڈرائیورس پر ہونے والے ظلم کے خلاف ڈھال بن جانا ہو ‘ ہر مسئلہ میں انہوں نے عوام کی خدمت کو ہی ہمیشہ مقدم رکھا ہے ۔ عیدالاضحی کے موقع پر گئو دہشت گردوں کی جانب سے مسلم قریش برادری کے تاجران کو بڑے جانوروں کی منتقلی میںہراسانی کا سامنا ہو یا پھر معمولی باتوں پر پرانے شہر میں بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاری ہو یا ہراسانی کا مسئلہ ہو امجد اللہ خاں خالدنے ہر مسئلہ پر عوام کی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ان کے اسی ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے خاتون ووٹرس ہوں یا نوجوان ہوں وہ اس بار حلقہ میں تبدیلی کے حق میں رائے ظاہر کرنے لگے ہیں۔ حلقہ یاقوت پورہ کے کئی علاقوں میں خواتین کو اپنے رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے اپنی مشکلات کے وقت میں امجد اللہ خاں خالد سے ملنے والی مدد کا تذکرہ کرتے دیکھا گیا ہے ۔ حلقہ یاقوت پورہ کے نوجوان بھی اب روایتی انتخاب کی بجائے تبدیلی کے حامی دکھائی دے رہے ہیں ۔ نوجوان بھی اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب اور محلہ جات میں ایک دوسرے سے امجد اللہ خاں خالد کو ووٹ دینے کی تاکید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں اجتماعی طور پر تبدیلی کی لہر واضح طور پر محسوس ہونے لگی ہے اور یہ ریمارکس کئے جا رہے ہیں کہ خواتین اور نوجوانوں کے ووٹ حلقہ یاقوت پورہ میں روایتی نتائج اور روایتی پولنگ کا رخ بدلتے ہوئے لگ بھگ تین دہائیوں کے بعد ایک بار پھر سے تبدیلی کے نقیب بنیں گے ۔