حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے الیکشن کو فرقہ وارانہ بنانے بی جے پی کی کوشش

   

یو پی کی طرح 80-20 فیصد کے درمیان مقابلہ کے ذریعہ ووٹوں کی تقسیم کی سازش
حیدرآباد۔7۔فروری(سیاست نیوز) لوک سبھا حیدرآباد کے انتخابات کو بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اترپردیش اسمبلی انتخابات کی طرح بنانے اور فرقہ وارانہ خطوط پر ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ اپنے اثر کو بڑھانے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پارلیمانی حلقہ حیدرآباد سے اپنی کامیابی کے لئے 80فیصد ا ور20فیصد کے نظریہ کو حیدرآباد میں فروغ دینے کے لئے اپنے قائدین کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں جس طرح سے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے 80-20 فیصد کے درمیان مقابلہ کی بات کہتے ہوئے فرقہ وارانہ خطوط پر ووٹوں کو منقسم کرنے کے اقدامات کئے تھے اسی طرح پر حلقہ پارلیمان حیدرآباد سے کامیابی حاصل کرنے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ اور جنرل سیکریٹری بھارتیہ جنتا پارٹی بنڈی سنجے کو اسی کام پر لگادیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ پارٹی صدر مسٹر جی کشن ریڈی نے گذشتہ یوم بی جے پی قائدین سے ملاقات کے دوران اس بات کا اعلان کیا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد سے بھی بی جے پی نے سخت مقابلہ کی تیاری شروع کردی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں فرقہ وارانہ خطوط پر ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد کے عوام میں فرقہ وارانہ یکجہتی کے خاتمہ کے لئے بی جے پی کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی قائدین کا کہناہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے دائرہ کار میں آنے والے 7حلقہ جات اسمبلی سے کافی ووٹ حاصل ہوئے ہیں اور بی جے پی کے ووٹ شئیر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جی کشن ریڈی نے اپنے قائدین کو اس بات سے بھی واقف کروایا کہ حلقہ پارلیمان حیدرآباد میں مجلس کے ووٹ شئیر میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بی جے پی کے ووٹ شئیر میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اسی لئے پارٹی کی جانب سے حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے مقابلہ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے فرقہ وارانہ خطوط پر رائے دہندوں کو منقسم کرنے کی کوشش کا فائدہ مجلس کو بھی ہوسکتا ہے اسی لئے بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین محتاط انداز میں پارٹی قائدین میں شعور بیداری کے ساتھ عوام کے درمیان پہنچنے کی تاکید کر رہے ہیں۔3