غزہ: اسرائیل اور حماس نے اتوار کی شام قیدیوں کی تیسری کھیپ کا تبادلہ مکمل کرلیا۔ حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو چھوڑ دیا اور بدلے میں اسرائیل نے جیلوں میں قید 39 فلسطینی رہا کردئیے۔ تین روز میں حماس 39 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر چکی اور بدلے میں 117 فلسطینی قیدی رہائی پاکر مغربی کنارے پہنچ گئے ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کے دفتر نے اسرائیلی زیر حراست افراد کی ملک میں آمد کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ اتوار کو وطن واپس آنے والے اسرائیلی یرغمالیوں میں میں 9 کمسن، 4 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ حماس نے تیسرے روز بھی معاہدہ سے الگ مزید 5 غیر ملکی شہریوں کو بھی رہا کیا۔حماس نے اس سے قبل کہا تھا کہ اس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں، تین تھائی اور دو روسی شہریوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا ہے۔مصری انفارمیشن سروس کی سربراہ دیا رشوان نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔ اتوار کو 120 امدادی ٹرک مصر سے غزہ پہنچے جن میں دو ایندھن کے ٹرک اور دو کوکنگ گیس ٹرک شامل ہیں۔رہائی پانے والے اسرائیلیوں اور فلسطینی عوام میں خوشی کی لہر ہے۔