حمایت ساگر و عثمان ساگر ذخائر آب کو کالیشورم پراجکٹ سے مربوط کرنے کافیصلہ

,

   

ذخائر آب کو آلودگی سے بچانے اقدامات، جی او 111 برخواست ، حسین ساگر گوداوری سے مربوط ہوگا، 38 ضلع میڈیکل آفیسر کا تقرر، وی آر اے کی خدمات باقاعدہ
٭ حجام ، دھوبی اور دیگر پیشوں کو ایک لاکھ روپئے کی امداد
٭ یوم تاسیس کی 21 روزہ ریاست گیر تقاریب
٭ اقلیتی کمیشن میں جین طبقہ کی شمولیت ٭ ریاستی کابینہ کے اہم فیصلے

حیدرآباد۔18۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ نے کالیشورم پراجکٹ کو حمایت ساگر اور عثمان ساگر ذخائر آب سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف کے ذخائر آب کے تحفظ و حمایت ساگر اور عثمان ساگر ذخائر آب کو آلودگی سے بچانے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ۔ ریاستی کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نئے سکریٹریٹ میں کابینہ کا پہلا اجلاس تھا ۔ چار گھنٹے جاری اجلاس میں ریاست کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم ترقیاتی فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس کے بعد وزیر فینانس ہریش راؤ نے وزراء جی کملاکر ، سرینواس یادو ، پرشانت ریڈی اور ملا ریڈی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کابینی فیصلوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ 10ویں یوم تاسیس تلنگانہ کے ضمن میں 21 روزہ تقاریب ریاست گیر سطح پر عظیم الشان پیمانہ پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام شعبہ جات میں ریاست کی ترقی مثالی رہی ، لہذا روزانہ ایک شعبہ کی ترقی کی تفصیلات عوام میں پیش کی جائے گی ۔ ریاستی سطح سے گاؤں کی سطح تک حکومت کے کارنامے عوام کے درمیان پیش کئے جائیں گے۔ یوم تاسیس کے دوران روزانہ ایک پروگرام رہے گا جس کی تفصیلات ریاستی سطح کی کمیٹی طئے کرے گی۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ کابینہ نے بعض مخصوص پیشہ جات سے وابستہ افراد کی مالی امداد کا فیصلہ کیا ہے ۔ نائی برہمن (حجام) ، وشوا برہمن اور دھوبیوں کی ایک لاکھ روپئے تک مالی امداد کے سلسلہ میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ جی کملاکر کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے ۔ یہ کمیٹی ایک روپئے کی امداد میں سبسیڈی اور دیگر امور کو قطعیت دے گی۔ کمیٹی بہت جلد اپنی رپورٹ پیش کردے گی اور یوم تاسیس تقاریب کے دوران امداد کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ کابینہ نے حیدرآباد کے اطراف 84 دیہاتوں کے عوام کے مطالبہ پر جی او 111 کی برخواستگی کا فیصلہ کیا ہے ۔ مذکورہ دیہاتوں کی ترقی میں یہ جی او رکاوٹ بن رہا تھا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے کے تحت اراضیات اور دیگر امور کیلئے جو قوانین موجود ہیں، ان کا اطلاق مذکورہ دیہاتوں پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو گوداوری ، کرشنا اور مانجرا سے پانی کی سربراہی جاری ہے جس کے نتیجہ میں قلت کا کوئی مسئلہ نہیں۔ حکومت نے حمایت ساگر اور عثمان ساگر کو آلودگی سے بچانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا۔ حمایت ساگر اور عثمان ساگر کو کالیشورم کے پانی سے مربوط کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کالیشورم کے پانی کے ذریعہ موسیٰ ندی کا احیاء عمل میں آئے گا۔ شنکر پلی تا چیوڑلہ سڑک کی توسیع اور ترقی کو کابینہ نے منظوری دی۔ حسین ساگر کو گوداوری سے مربوط کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔ ہریش راؤ کے مطابق محکمہ صحت کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام 33 اضلاع کیلئے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کے تقرر کو منظوری دی گئی ۔ حیدرآباد میں 6 زونل کمشنر ہیں ، لہذا حیدرآباد کے لئے 6 ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کا تقرر کیا جائے گا۔ ریاست بھر میں 38 ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کے تقررات کو کابینہ نے منظوری دی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بستی دواخانوں کے ذریعہ عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاست کے 40 منڈلوں میں پرائمری ہیلت سنٹرس کے قیام کو کابینہ نے منظوری دی ۔ اربن ہیلت سنٹرس میں مستقل ملازمین کے تقرر کو منظوری دی گئی کیونکہ ان سنٹرس میں اب تک کنٹراکٹ ملازمین کام کر رہے تھے۔ کسانوں کے مسائل پر کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ژالہ باری کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ، لہذا فصلوں کی کٹائی کا کام مارچ تک اختتام تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اپریل سے غیر موسمی بارش کے سبب کسان محفوظ رہیں۔ ریاست میں نقلی بیج کی فروخت کو روکنے کیلئے سخت گیر اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی گئی کہ نقلی بیج فروخت اور سربراہ کرنے والوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے۔ کلکٹر ، پولیس اور زراعت کے محکمہ جات پر مشتمل مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو نقلی بیجوں کی سربراہی پر نظر رکھیں۔ کابینہ نے ناگر کرنول کے اچم پیٹ اسمبلی حلقہ میں نئی لفٹ اریگیشن اسکیم کو منظوری دی ہے۔ کابینہ نے یوم تاسیس کے موقع پر ریاست میں ولیج ریونیو اسسٹنٹ (VRA) کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپلٹیز، ریونیو اور اریگیشن ڈپارٹمنٹس میں ضم کرنے کیلئے چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن نوین متل کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ وی آر اے اسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کابینہ نے ریاستی بجٹ سے بھیڑ بکریوں کی تقسیم کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ونپرتی میں جرنلسٹ بھون کی تعمیر کیلئے 10 گنٹے اراضی منظور کی گئی۔ کھمم میں صحافیوں میں امکنہ اراضی کی تقسیم کے لئے 23 ایکر اراضی منظور کی گئی ۔ ریاستی کابینہ نے اقلیتی کمیشن میں جین طبقہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اقلیتی کمیشن کے دائرہ کار میں جین طبقہ شامل نہیں تھا۔ کابینہ نے جین طبقہ کو اقلیتی کمیشن کے تحت شامل کرتے ہوئے ایک رکن نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کمیشن کے ارکان کی موجودہ تعداد 8 کو بڑھاکر 9 کردیا گیا ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 10 مختلف عہدوں کی کابینہ نے منظوری دی ۔ نرمل کے مدہول میں واقع کمیونٹی سنٹر کے لئے 22 جائیدادوں کی منظوری دی گئی ۔ر