حملہ کے شکار ڈرائیور کو معاوضہ ادا کرنے اوبیر سے یونین کا مطالبہ

   


حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ گِگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرس یونین (TGPWU) نے مطالبہ کیا کہ اوبیر کمپنی کو ڈرائیورس کی ذمہ داری لینی چاہئے ۔ یونین کے مطابق اوبیر ڈرائیور سید لطیف الدین پر 4 ستمبر کو چھ لوگوں نے حملہ کیا اور مبینہ طور پر جئے شری رام کہنے پر مجبور کیا ۔ وہ ایک کسٹمر کو لینے شیخ پیٹ سے براہ الکاپور روڈ گاڑی چلا رہے تھے کہ چند افراد نے کار کے ونڈوز کو مارنا شروع کیا ۔ بائیکس پر تعاقب کے بعد دو افراد نے انہیں گھسیٹ کر کیاب سے باہر نکالا اور زد و کوب کیا ۔ اسی وقت دیگر چار لوگوں نے پتھراؤ کرکے گاڑی کو نقصان پہنچایا ۔ اس واقعہ کے بعد لطیف الدین نے اوبیر ایمرجنسی نمبر پر کال کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا ۔ انہیں معمولی زخم آئے اور ایک دواخانہ میں علاج کروایا ۔ ان کی کار اور روزی کے ذریعہ کو نقصان پہنچا اور اس کی مرمت کیلئے ایک تا دیڑھ لاکھ روپئے درکار ہوں گے اور کئی دن ہوں گے ۔ اس واقعہ کے بعد اوبیر نے لطیف الدین سے ربط پیدا کر کے ان کی خیریت معلوم نہیں کی اور نہ ان کی کوئی مدد کی ۔ یونین نے اوبیر سے مطالبہ کیا کہ گاڑی کی مرمت کے خرچ اور ہاسپٹل بل کیلئے لطیف الدین کو معاوضہ ادا کیا جائے ۔ یونین نے مطالبہ کیا کہ چونکہ ان کی گاڑی خراب ہوگئی ہے اور وہ روزی کمانے سے قاصر ہیں ۔ اس لیے کمپنی لطیف الدین کو اس کے ہر دن 1200 روپئے آمدنی معاوضہ بھی ادا کرے ۔ یونین نے مطالبہ کیا کہ ڈرائیورس کی سیفٹی کیلئے اوبیر ایمرجنسی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے ۔