صنعاء : اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر میزائل حملے کے بعد یمن میں حوثی باغیوں کی قیادت صنعا سے محفوظ علاقوں میں منتقل ہوگئی۔ عرب ٹی وی کے مطابق باغیوں کے سرکردہ رہنماؤں نے باہمی رابطہ عارضی طور پر بند کردیے ہیں۔ عرب ٹی وی کا کہنا ہے کہ ممکنہ اسرائیلی جوابی حملہ کے خطرہ کے پیش نظر حوثی باغیوں نے احتیاطی تدابیر اپنائیں ہیں۔ حوثی باغیوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر بیلسٹک میزائل داغا تھا، حملے میں کم از کم 15 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے تھے۔
ایرانی سفارتخانہ کے اہلکار کا قتل
دمشق : شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ تہران میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں بتایا کہ دمشق میں ایرانی سفارت خانے کا اہلکار دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دمشق میں 15 ڈسمبر کو داؤد بیطرف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ اسماعیل بقائی کا مزید کہنا ہے کہ داؤد بیطرف ایرانی سفارتخانے کے ٹیکنیکل اسٹاف کے ممبر تھے۔