صنعا۔ یمن میں سعودی عرب کے خلاف مورچہ بند حوثیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ حوثی باغی سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ عمانی ثالث کو سعودی امن فارمولہ پر اپنے خیالات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ 22 مارچ کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یمن میں بحران کے خاتمہ کیلئے نئے امن فارمولہ کا اعلان کیا تھا۔ یمن کے تمام علاقوں میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں جنگ بندی بھی سعودی فارمولہ میں شامل ہے۔ عرب اتحاد برائے یمن سعودی عرب کی قیادت میں الحدیدۃ بندرگاہ کی ناکہ بندی میں نرمی لائے گا۔ یمن میں متعین سعودی سفیر محمد الجابر نے کہاکہ یمن میں جنگ بند کرانے سے متعلق سعودی امن فارمولہ کے بارے میں حوثیوں نے مثبت رائے ظاہر کی ہے۔