حوثی حملے میں ریاض کی بلند ترین عمارت کو نقصان

   

ریاض، 20 نومبر (ایجنسیز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں حوثی باغیوں کے تازہ میزائل حملے میں ملک کی بلند ترین عمارت پی آئی ایف ٹاور کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ 80 منزلہ عمارت سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پبلک انویسٹمنٹ فنڈ) کا صدر دفتر ہے۔ سعودی شہری دفاع کے مطابق حملے میں عمارت کی کئی منزلوں اور اطراف کی دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گزشتہ روز کے اس حملے کے نتیجے میں ٹاور کی سات تا آٹھ منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور بیرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا۔ سعودی عرب نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء اتحادی دفاعی نظام نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے جنوبی خطے کی سمت داغے گئے 5 بیلسٹک میزائل تباہ کردیئے اور اس کے ساتھ ہی ریاض کو نشانہ بنانے والے حوثی میزائل خطروں سے بھی نمٹا گیا ۔ گزشتہ روز پیش آئے حملے کے نتیجہ میں ملبہ گرنے سے مالی نقصان ہوا جس کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔