حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا: راہول گاندھی

,

   

آئینی اداروں پر قبضہ کرنا آر ایس ایس کا اصل ایجنڈہ ۔ الیکشن کمشنرس کو مودی اور امیت شاہ کے تحائف۔ اپوزیشن لیڈر کی بحث

نئی دہلی ۔ 9 ڈسمبر (ایجنسیز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کا مقصد آئینی اداروں پر قبضہ کرنا ہے اور یہی سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا اصل ایجنڈا ہے۔ منگل کو لوک سبھا میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) پر ہوئی بحث کے دوران راہول گاندھی نے کہا کہ آر ایس ایس نظریے میں مساوات کے لئے کوئی جگہ نہیں، اسی وجہ سے تمام قومی اداروں پر اثر و رسوخ بڑھایا جا رہا ہے۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ انتخابی نظام بھی آر ایس ایس کے کنٹرول میں ہے، اور ملک کی تعلیمی پالیسی کو بدلا جا چکا ہے جس سے ملک کے ثقافتی و سماجی تنوع کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کے مطابق آر ایس ایس اور حکومت کے ناقدین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کمزور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو استعمال کیا جا رہا ہے اور زمینی سطح پر انتخابی اصلاحات نافذ نہیں کی جا رہیں۔ راہول نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی الیکشن کمیشن کی تقرری میں غیر معمولی دلچسپی پر بھی سوال اٹھایا۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمشنرس کو مودی اور امیت شاہ کی جانب سے ’’تحائف‘‘ دیے جا رہے ہیں اور سی بی آئی اور ای ڈی بھی حکومت کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور الیکشن کمیشن ’’گٹھ جوڑ‘‘ میں ہیں، اور جب وہ حقائق سامنے رکھتے ہیں تو بی جے پی اسے برداشت نہیں کر پا رہی۔ چوری شدہ ووٹوں کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اتر پردیش اور ہریانہ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر ووٹ چوری ہوئی، انتخابی سی سی ٹی وی فوٹیج تلف کی گئی، اور جعلی ووٹوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن وضاحت دینے میں ناکام رہا۔ راہول کے مطابق انہوں نے جو سوالات اٹھائے، الیکشن کمیشن نے آج تک ان کا جواب نہیں دیا۔