حکومت اقلیتی فرقے کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام: جی پی سی

   

سری نگر۔ گردوارہ پربندھک کمیٹی (جی پی سی) کا دعویٰ ہے کہ حکومت اقلیتی فرقے کے لوگوں کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدام نہیں کر رہی ہے ۔ کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ اقلیتی فرقے کے لوگوں خاص کر ملازموں کے تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدام کئے جانے چاہئے صرف جملہ بازی سے کام نہیں چلے گا۔ یہ باتیں کمیٹی کے جنرل سکریٹری نوتیج سنگھ نے ہفتہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہیں۔ ان کا کہنا تھا؛ ‘اقلیتی فرقے کے لوگوں اور ملازموں کے تحفظ کے لئے حکومت نے ٹھوس اقدام نہیں اٹھائے ہمارا مطالبہ ہے کہ اقلیتی فرقے کے ملازموں جو وادی کے دور دراز علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، کے لئے سیکورٹی کے ٹھوس اقدام کئے جائیں صرف جملہ بازی سے کام نہیں چلے گا۔ ان کا کہنا تھا بارہمولہ سے ایک حکمنامہ جاری ہوا ہے جس کے تحت ایک مخصوص اقلیتی فرقے سے وابستہ ملازموں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے جبکہ باقی اقلیتی فرقے کے ملازمین کو نظر انداز کیا گیا ہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہاتمام اقلیتی فرقے کے ملازمین کا ڈیٹا طلب کیا جانا چاہئے ورنہ ہم سمجھیں گے کہ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے ۔