حکومت ایک سال میں 2لاکھ ملازمتیں فراہم کرے گی: چیف منسٹر

,

   

کانگریس اپنے وعدہ کی پابند، ایل بی اسٹیڈیم میں نرسیس کو تقرر نامے حوالے ‘ تقریب سے ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نوجوانوں سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرتے ہوئے جاریہ سال ڈسمبر کے اختتام تک 2لاکھ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کو یقینی بنائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سرکاری دواخانوں میں نرسوں کے تقررات کے احکامات کی حوالگی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انتخابات سے قبل کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیاگیا ہے اور تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے صدرنشین و اراکین کے انتخاب کے ذریعہ ریاست گیرسطح پر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار کرنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ تحریک تلنگانہ کی بنیادی وجہ تلنگانہ کے نوجوانوں کی بے روزگاری میں ہونے والا اضافہ رہی اور بے روزگاری سے پریشان نوجوانوں نے تلنگانہ تحریک میں شدت پیدا کرتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے خواب کو پورا کیا لیکن علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاستی حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا اور گذشتہ 10 برسوں کے دوران نوجوانوں کی بے روزگاری کو دور کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ ایک خاندان کو روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کئے جاتے رہے۔ اے ریونت ریڈی نے محکمہ صحت کی جانب سے نرسوں کے تقررات کے اقدامات کو یقینی بنائے جانے کے بعد انہیں تقررات کے احکام حوالے کرنے کی تقریب جو کہ لعل بہادر اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی تھی سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نہ صرف بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں بلکہ سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں بھی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ ریاست میں برسراقتدار کانگریس حکومت نوجوانوں کی آنکھوں میںچمک دیکھنا چاہتی ہے کیونکہ 10برسوں کے دوران یہ نوجوانوں میں خوشی کا کوئی لمحہ نہیں رہا اور اب جبکہ کانگریس حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تو سابقہ حکومت میں شامل وزراء کی جانب سے کانگریس پر تنقید کی جا رہی ہے۔ نرسوں کے تقررات کے احکام کی حوالگی کی اس تقریب میں اسپیکر اسمبلی گڈم پرسادکمار کے علاوہ وزراء دامودر راج نرسمہا‘ مسز کونڈا سریکھا‘ ٹی ناگیشور راؤ‘ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ سانتھی کماری‘ مشیر ریاستی حکومت محکمہ بہبود محمد علی شبیر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اس تقریب کے دوران زائد از 6 ہزار نرسوں کو تقررات کے احکام حوالے کئے گئے ۔3