حکومت تلنگانہ کی جانب سے اجمیر شریف کیلئے غلاف کانذرانہ

,

   

پرگتی بھون میں اجتماعی دعاء کے بعد کے سی آر نے اقلیتی قائدین کو غلاف حوالے کیا

حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے بارگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کیلئے خصوصی غلاف روانہ کیا جارہا ہے۔ عرس کے موقع پر حکومت کے نمائندے یہ غلاف دیوان جی زین العابدین کو پیش کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں خصوصی تیار کردہ غلاف پارٹی کے اقلیتی قائدین کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان، ریاست کی ترقی و خوشحالی اور چیف منسٹر کی صحت و درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم، صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین، صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین، رکن کونسل فاروق حسین، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، امام مکہ مسجد حافظ محمد عثمان، رکن وقف بورڈ ایم اے وحید، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد قاسم کے علاوہ چیف سکریٹری سومیش کمار ، آئی اے ایس عہدیدار اجئے مشرا اور ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین موجود تھے۔ چیف منسٹر اور چیف سکریٹری نے بطور احترام ٹوپی پہن لی تھی اور انہوں نے دوسروں کے ساتھ غلاف کو معطر کیا۔ دعا کے بعد چیف منسٹر نے غلاف کو بصد احترام بوسہ دیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے ہر سال خصوصی غلاف تیار کرایا جاتا ہے جس پر تقریباً 40 ہزار روپئے کا خرچ آیا ہے۔ دیوان جی کو حکومت کی جانب سے 51000 روپئے کا چیک بطور نذرانہ پیش کیا جائے گا۔ یکم مارچ کو اکبر حسین، بابا فصیح الدین ، ایم اے وحید اور محمد قاسم غلاف لے کراجمیر شریف روانہ ہوں گے۔ وقف بورڈ کی جانب سے ان کے فضائی ٹکٹ کے علاوہ خرچ کیلئے 30 ہزار روپئے جاری کئے گئے۔