ریاست کو چوروں اور کنٹراکٹرس سے بچایا جائے ، وزراء اپنا محاسبہ کریں: کانگریس ایم ایل اے
حیدرآباد، 20 نومبر ]سیاست نیوز[کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے ایک بار پھر اپنی ہی پارٹی کے قائدین اور ریاستی وزراء پر تنقید کرتے ہوئے سنسنی خیز تبصرے کیے ہیں۔ انہوں نے وزراء سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کو چوروں، سرمایہ کاروں اور کنٹراکٹرس کے ہاتھوں لٹنے سے بچائیں اور کم از کم کانگریس کے وزراء ایمانداری کے ساتھ حکومت چلائیں۔ گزشتہ کے سی آر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ سابقہ حکومت نے دس برسوں میں لاکھوں کروڑ روپے کا قرضہ حاصل کرکے تلنگانہ کو مقروض بنا دیا تھا، اس لیے موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کے معاملے میں غریب عوام کے ساتھ انصاف اور بہتر سلوک کرے۔کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہا کہ وہ بھگوان سے دعا کرتے ہیں کہ حکومت کو اچھی حکمت اور بصیرت عطا فرمائیں تاکہ ذمہ داران اپنا کردار ادا کریں، تکبر کی زبان بولنا بند کریں اور عوام کو اچھی حکمرانی فراہم کریں۔ انہوں نے چیف منسٹر کا نام لیے بغیر واضح کیا کہ اگر حکومت گڈ گورننس دے گی تو عوام آئندہ بھی انہیں دوبارہ اقتدار سے نوازیں گے۔ اپوزیشن پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن میں کیا وعدے کیے گئے تھے اور اب زمینی سطح پر کیا کام ہو رہا ہے۔ ریاستی وزراء کو مخاطب کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے دل پر ہاتھ رکھیں اور خود اپنا محاسبہ کریں کہ آیا وہ واقعی ایمانداری اور بدعنوانی سے پاک حکومت عوام کو فراہم کر رہے ہیں یا نہیں۔-2