حکومت جلد سی اے اے نافذ کرے :وی ایچ پی

   

نئی دہلی : بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتی برادری پر سخت گیروں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہند شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کو جلد از جلد نافذ کرے ۔وی ایچ پی نے چہارشنبہ کے روز پڑوسی ملک میں اقلیتوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا اور وزیر اعظم شیخ حسینہ کے نام بنگلہ دیش ہائی کمشنر کو ایک(میمورنڈم) یادداشت پیش کی۔اس احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے وی ایچ پی کے جوائنٹ جنرل سکریٹری ڈاکٹر سریندر جین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر مظالم اور بربریت کی تمام حدیں پار کر دی گئی ہیں۔ یہ پوری عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے کہ ان وحشیانہ مظالم کو کیسے روکا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند ہندوؤں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔ حکومت بنگلہ دیش اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے مکمل غیر جانبداری کے ساتھ تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو بھی یقینی بنائے ۔ وی ایچ پی خاموش تماشائی بن کر ہندو سماج پر ہونے والے مظالم نہیں دیکھ سکتی۔