نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی) ملک کے ہوا بازی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کی وجہ سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنے کے لیے حکومت جلد ہی گرین ایوی ایشن فیول پالیسی جاری کرے گی۔ شہری ہوابازی کے وزیر کے ۔ رام موہن نائیڈو نے جمعرات کے روز صنعتی تنظیم فِکّی کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں کہا کہ گرین ایوی ایشن فیول پالیسی بنانے کی سمت میں کافی کام کیا جا چکا ہے اور حکومت جلد ہی تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد یہ پالیسی جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہندوستان اپنے ہوائی فیول کا تقریباً 15 فیصد برآمد کرتا ہے ۔ اسی طرح کے مواقع گرین ایوی ایشن فیول میں بھی ہندوستان کے لیے دستیاب ہونے کی امید ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں عوامی شعبے کی تیل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے گرین ایوی ایشن فیول کی پیداوار شروع کی ہے ۔
وزارت چاہتی ہے کہ اس پیداوار کو سرکاری کمپنیوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے تک بھی بڑھایا جائے تاکہ گرین ایوی ایشن فیول کی تحریک کو تیزی مل سکے ۔