حکومت ریاست اور عوام کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی

   

فارمولہ ۔ ای ریس سے فائدہ کی بجائے نقصان ہوا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کا دعوی

حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز)حکومت عوام کے مفادات والے کاموں کو ترجیح دے گی اور ایسے کسی بھی کام کی سراہنا نہیں کی جائے گی جو ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچائے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک نے آج پریس کانفرنس سے خطاب میںکہا کہ فارمولہ ۔ای ریس سے ریاست کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ اس کے انعقاد سے ریاست کو نقصان کے علاوہ عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھٹی وکرمارک نے کہا کہ حکومت سے سہ رخی معاہدہ کرکے ریاست کے خزانہ کو نقصان پہنچایا گیا اور اس نقصان کو مزید برداشت نہ کرنے حکومت نے فارمولہ ۔ای ریس منعقد کرنے سے گریز کیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر میں فارمولہ ۔ای ریس سے حیدرآباد کی شان میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا بلکہ قلب شہر میں اس ریس سے شہریوں کو تکلیف میں مبتلاء کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت سے سہ رخی معاہدہ کرکے ایک مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچانے اقدامات کئے گئے اور کمپنی فارمولہ ۔ای ریس کے ٹکٹس فروخت کرکے نکل گئی جبکہ ریس کیلئے حکومت سے ٹریک کی فراہمی اور تیاری کی گئی ۔ اس کے علاوہ ان کمپنیوں کی شرائط کو پورا کرکے ریس کو یقینی بنایاگیا لیکن ریاست کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے AceNext Genکمپنی اور فارمولہ ۔ای پری کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور اس سہ رخی معاہدہ میں فارمولہ ۔ای منعقد کرنے والی کمپنی ای۔ پری سے ریس کا اہتمام کیا جانا تھا اور ایس نیکسٹ جین کمپنی ٹکٹ فروخت کر رہی تھی ۔ ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے دوران جب انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ تھا متعلقہ وزیر کی دستخط کے بغیر ای پری کو ریس کے انعقاد کیلئے رقومات کی اجرائی عمل میں لائی گئی اور معاہدہ کی تجدید کرکے حکمرانی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے دفاتر معتمدی سے کی گئی خلاف ورزی کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے علاوہ رقومات کی اجرائی و دیگر امور کی جامع تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ عہدیداروں اور سابقہ حکومت نے جو غلطیاںکی ہیں انہیں موجودہ حکومت نہیں دہرائی گی بلکہ تلنگانہ عوام کے مفادات کیلئے کام کرے گی۔3