حکومت سرکاری اداروں کا غلط استعمالکر رہی ہے : دانش علی

   

نئی دہلی: لوک سبھا کے رکن کنور دانش علی نے جمعرات کو مرکزی حکومت پر سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کے لوگ اب کسان کے بیٹے کے ساتھ اس طرح کی ہراسانی برداشت نہیں کریں گے ۔امروہہ کے ایم پی مسٹر علی نے جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کی رہائش گاہ پر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے چھاپے پر کہا کہ سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ایکس پر لکھاکہ “آج کے ‘نیو انڈیا’ میں ستیہ پال ملک جیسے ایماندار اور محب وطن لیڈر کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے ۔ سرکاری اداروں کا ایسا غلط استعمال اس سے پہلے کم ہی دیکھنے میں آیا ہے ۔ ملک کے عوام ‘کسان کے بیٹے ‘ کی ایسی ہراسانی کو مزید برداشت نہیں کریں گے ۔واضح رہے کہ سی بی آئی نے جمعرات کو جموں وکشمیر کے کشتواڑ میں کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے لئے 2200 کروڑ روپے کے تعمیراتی کام کا ٹھیکہ دینے میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں ریاست کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے احاطے میں تلاشی مہم چلائی۔