9.99 کروڑ روپئے کی اجرائی ، محمد محمود علی کی مساعی ، صدر نشین وقف بورڈ کا اظہار تشکر
سیاست کی خبر کا اثر
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ وقف بورڈ نے آئمہ و موذنین کے بقایہ اعزازیہ کی اجرائی کا عمل شروع کردیا ہے ۔ جون ۔ جولائی کے بقایا جات 9.99 کروڑ آج جاری کردئیے گئے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اس سلسلہ میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو خصوصی ہدایت جاری کرکے فوری بقایا جات کی اجرائی یقینی بنانے کی تاکید کی تھی ۔ روزنامہ سیاست نے اس سلسلہ میں حکومت ، محکمہ اقلیت بہبود ، محکمہ فینانس کی توجہ دلائی تھی گذشتہ 5 ماہ سے آئمہ و موذنین کے اعزازیہ کی عدم اجرائی پر 14 نومبر کو خبر شائع کرکے انہیں درپیش مسائل کو اجاگر کیا گیا تھا ۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ 9997 آئمہ و موذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے کے اعتبار سے ماہ جون جولائی کے بقایا جات جاری کردئیے گئے ۔ اگست ستمبر اور اکٹوبر کی اعزازیہ کی اجرائی کو منظوری دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ جاری کی جانے والی اس رقم کی اجرائی میں ہونے والی تاخیر کو دور کرنے کے لیے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے مشاورت کرکے مسئلہ کو حل کردیا ہے ۔ صدر نشین وقف بورڈ کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران اکٹوبر تک کے بقایا جات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور جنوری 2023 سک ممکنہ حد تک ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ن