حکومت سے ایل آر ایس سسٹم منسوخ کرنے کا مطالبہ

   

محبوب نگر ایڈیشنل کلکٹر کو کانگریس قائدین کی یادداشت ، جی او 131 سے عوام پریشان

محبوب نگر۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن نے عام آدمی اور غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حکومت بجائے اس کے کہ عوام کے زخموں پر برہم رکھتی، انہیں مزید پریشانیوں اور مصائب میں ڈھکیل رہی ہے اور اس کیلئے قانون سازی پر اُتر آئی ہے۔ ریاستی حکومت فی الفور ایل آر ایس سسٹم منسوخ کرنے کا اعلان کرے۔ یہ مطالبہ ضلع کانگریس کے قائدین پر مشتمل وفد نے آج صبح کلکٹریٹ میں ایڈیشنل کلکٹر تیجاس نند لال پوار کو ایک یادداشت پیش کی۔ وفد میں ریاستی کانگریس سیکریٹری این پی وینکٹیش ایڈوکیٹ، سنجیو مدیراج، گوپال یادو، صدر ضلع اقلیتی سیل ظہیر اخترت نائب صدر عظمت علی، نائب صدر شاہ فیصل، خواجہ نصیرالدین، اویس، احمد، قادر اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے اس موقع پر کہا کہ ریاستی حکومت کورونا وباء کے دوران بھی عوام دشمن پالیسیوں سے باز نہیں آئی۔ ریاست میں غریب اور متوسط طبقہ کا جینا حرام کردیا گیا ہے اور نئے نئے قوانین کے ذریعہ عوام پر ظلم ڈھایا جارہا ہے۔ قائدین نے مزید کہا کہ جی او 131 سے جہاں زمینات اور مکانات کی خرید و فروخت میں خریدار پریشان ہیں، وہیں رئیل اسٹیٹ کے بروکرس نے اپنے مستقبل سے متعلق فکرمند ہیں۔ پہلے سے ہی کورونا کے سبب کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے اور حکومت آسانیوں کی بجائے عوام کو پریشان کررہی ہے۔ قائدین نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی آواز پر فوری توجہ دے، ورنہ جی او کی منسوخی کیلئے کانگریس مسلسل اور شدید احتجاج جاری رکھے گی۔