پٹرول۔ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر کانگریس لیڈر کی مرکز پر شدید تنقید
نئی دہلی :پٹرول اور ڈیزل کی لگاتار بڑھتی قیمتوں کو لے کر ایک بار پھر کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ خام تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ہندوستان میں بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ انھوں نے چند ارب پتیوں کو فائدہ پہنچانے کی لگاتار ہو رہی کوشش بتائی ہے۔ہفتہ کے روز پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ گزشتہ 19 ماہ میں بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت 29 فیصد کم ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ تیل کمپنیوں نے چھ ماہ میں 1.32 لاکھ کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔ ان کی اس بھاری کمائی کا بوجھ ملک کی عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی اونچی شرح کے سبب ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ اپنی فیملی نہیں چلا پا رہے ہیں اور انھیں کوئی راحت نہیں مل رہی ہے۔ حکومت کی ترجیح صرف کچھ ارب پتیوں کی جیبیں بھرنا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار کانگریس لیڈران پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافہ کو لے کر مرکزی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ راہول گاندھی، پی چدمبرم اور گورو ولبھ جیسے کانگریس لیڈران عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ہندوستان میں ایندھن کی قیمت بڑھنے پر حیرانی ظاہر کرتے رہے ہیں۔ یہ کانگریس لیڈران بھی ایندھن کی بڑھتی قیمت کو مہنگائی کے اسباب میں سے ایک بتاتے رہے ہیں اور مودی حکومت کو اس کیلئے ذمہ دار بھی بتایا ہے۔