نظام آباد: 10؍ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکن اور بی آر ایس قائد کے سی آر کی دختر کے کویتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں براہِ راست مباحث کا چیلنج کیا۔ انہوں نے ریونت ریڈی پر عوام کو گمراہ کرنے اور سیاسی انحراف سے توجہ ہٹانے کا الزام عائد کیا۔کویتا نے کہا کہ ریونت ریڈی بار بار سابق چیف منسٹر کے سی آر سے اسمبلی میں حاضر ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، مگر یہ سب کچھ عوام کی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ڈائیورشن پالیٹکس (توجہ ہٹانے والی سیاست) کی راہ پر گامزن ہے۔کویتا نے چیلنج کرتے ہوئے کہا: ”ہم تمام خواتین پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو آئیں گے، اور وہاں آپ سے سیدھی بات چیت کریں گے۔ ہمیں یہ بتائیے کہ خواتین کو ماہانہ 2,500 روپے امداد کیوں نہیں دی جا رہی؟ ایک تولہ سونا کیوں نہیں دیا جا رہا؟ بزرگوں اور مستحقین کی پنشن میں اضافہ کیوں نہیں کیا گیا؟ آئیے ان تمام موضوعات پر کھل کر بات کریں۔”انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کی وعدہ خلافیوں اور عوامی فریب کو ریاست کے عوام بغور دیکھ رہے ہیں اور بہت جلد ان سے حساب لیں گے۔