نئی دہلی۔ 28 جون (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور ضروری اشیاء کی آسمان چھوتی قیمتوں کو روکنے کے اقدامات کرنے کے بجائے حکومت عوام کی جیبیں کاٹنے میں مصروف ہے ۔ کھرگے نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے گھریلو بچت مسلسل کم ہو رہی ہے اور یہ رجحان گزشتہ تین سالوں سے رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ حکومت بھلے ہی ‘امرت کال’ کا جشن منا رہی ہو لیکن سچ یہ ہے کہ لوگوں کی بچت رک گئی ہے اور ان کے گھریلو اخراجات پر لگام لگ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بچت رک گئی، گھریلو اخراجات کم ہوئے ، یہ امرت کال کے نتائج ہیں۔ بچت بینک اکاؤنٹ پر سود کی شرح 25 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور گھریلو بچت 50 سالوں میں سب سے کم رہی اور پچھلے تین سالوں سے مسلسل گررہی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ مودی سرکار نے لوگوں کے جیب کاٹنے کا ٹھیکہ لے لیا ہے ۔
کھرگے کا نرسمہا راؤ کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت
نئی دہلی۔ 28 جون (یو این آئی) کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے ہفتہ کے روز سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی 104 ویں سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کھرگے نے کہا کہ ہم سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی حکومت کی دور رس اقتصادی لبرلائزیشن کی پالیسیوں نے بے مثال قومی ترقی کے دور کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ اصلاحات متوسط طبقہ کے عروج اور پھیلاؤ میں اہم تھیں جن سے مضبوط بنیاد پڑی اور ہندوستان کو مزید مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوئی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ نرسمہا راؤ کے دور میں ہندوستان کے نیوکلیر پروگرام میں نمایاں پیش رفت ہوئی اور خارجہ پالیسی کی سطح پر بھی بہت ساری کوششیں شروع کی گئیں، جن میں سب سے قابل ذکر ’لک ایسٹ ‘ پالیسی تھی۔ ملک کی ترقی اور مضبوطی میں ان کا اہم کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے بھی اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ پی وی نرسمہا راؤ کے یوم پیدائش پر انہیں یاد کرتے ہیں – دور اندیش لیڈر جن کی 1991 کی معاشی اصلاحات نے ہندوستان کو ترقی، لبرلائزیشن اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن کیا۔ ان کی جرات مندانہ اصلاحات نسلوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔