جموں:نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ اگر ان کی پارٹی کو حکومت ملی تو وہ پسماندہ لوگوں کے ساتھ ہوئی نا انصافیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقوں سے وابستہ لوگ بہت عسرت کی زندگی گذار رہے ہیں انہیں بھی اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہوکر جد وجہد کرنی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سے اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کو چھ مارچ تک مکمل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن لگتا ہے اس کو چھ سال لگ جائیں گے ۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز شیر کشمیر بھون جموں میں منعقدہ یک روزہ تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پسماندہ طبقے کے لوگوں کے ساتھ نا انصافیاں ہوئی ہیں یہ لوگ کافی غریب ہیں، ہم لوگوں کو ان کے مسائل کو دور کرنا چاہئے اور اگر ہماری جماعت کو حکومت ملی تو ہم ان کے ساتھ ہوئی نا انصافیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے ’۔