نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا ہے ،‘ترقی کے ہمہ جہت طوفان’ کو ‘انارکی کے سازشی افان’ سے نہیں روکا جا سکتا ہے ۔ نقوی نے جمعرات کو یہاں مرکزی وقف کونسل کی جانب سے وقف بورڈ کے افسران کیلئے اورینٹیشن پروگرام میں کہا کہ ایسے حالات میں جب کسی حکومت کا ’ترقی کا مسودہ‘، ’ووٹ کا سودا‘ نہ ہو، مودی حکومت کی جانب سے ’ہمہ جہت ترقی‘ کے ذریعے سماج کے تمام طبقات کو ترقی میں برابر کا حصہ دار بنانے کی انقلابی کوششوں کے نتائج آ رہے ہیں۔ افسوس کی بات ہیکہ ’آزادی کے جشن‘ میں بھی انارکی کے ٹشن میں کچھ منفی طاقتیں سرگرم ہیں۔ حکومت سماج کے ایسے لوگوں کو معاف نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار مودی حکومت نے پورے ملک میں وقف اثاثہ جات کو وقف مافیاؤں کے چنگل سے نکال کر ان پر جنگی پیمانے پر سماجی، معاشی، تعلیمی سرگرمیوں اور ہنر کے فروغ کیلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کی ہے ۔ گذشتہ تقریباً چھ برسوں میں ‘پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم کے تحت تمام ضرورت مند شعبوں میں اسکول، کالج، آئی ٹی آئی، گرلس ہاسٹل، رہائشی اسکول، ہنر کے فروغ کے مرکز، کثیرجہتی کمیونٹی سنٹر و دیگر کی تعمیر پر بڑے پیمانے پر کام کیا گیا ہے۔