نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے آج کہا کہ حکومت دونوں ایوانوں کے ضابطے اور اسپیکر کی ہدایات کے مطابق پارلیمنٹ میں تمام مسائل پر بحث کے لیے تیار ہے ۔ حکومت نے عبوری بجٹ اجلاس سے قبل منگل کو یہاں کل جماعتی اجلاس میں پارلیمنٹ کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ بجٹ اجلاس چہارشنبہ سے شروع ہوگا اور 9 فروری تک جاری رہے گا۔ جوشی کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، راجیہ سبھا میں قائد ایوان پیوش گوئل، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال اور وی مرلی دھرن نے میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جوشی نے کہا کہ حکومت اسپیکر کی ہدایات کے مطابق تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ دونوں ایوانوں کے کام کاج کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور تختیاں لہرانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) سمیت 30 پارٹیوں کے 45 لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی اور یہ خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے ساتھ بجٹ اجلاس کا آغاز ہوگا۔