پرانی فیس پر ہی میڈیکل داخلے ، پرانے جی او کی بنیاد پر نئے احکامات جاری
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کے مفاد میں ایک اہم فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ جاریہ تعلیمی سال کے لیے میڈیکل اور ڈینٹل کورسیس کی ٹیوشن فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا ۔ سال 2023-26 میعاد کے لیے مقرر کردہ پرانی فیس پر ہی سال 2026-29 کی آئندہ میعاد پر بھی لاگو ہوگی اور طلبہ کو پرانے جی او کے مطابق ہی فیس ادا کرنی ہوگی ۔ اس فیصلے کے تسلسل میں کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس نے 2023 میں جاری کردہ جی او 132 کو بنیاد بناتے ہوئے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ عام طور پر میڈیکل کالجس میں ہر تین سال بعد ٹیوشن فیس کا جائزہ لے کر اس پرنظر ثانی کی جاتی ہے چونکہ 2023-26 کی مدت مکمل ہوچکی ہے ۔ اس لیے فیس میں اضافے کے اشارے مل رہے تھے تاہم حکومت کے تازہ ترین احکامات کے بعد پرانی فیس ہی برقرار رکھنے کی توثیق کردی گئی ہے ۔ ریاست میں واقع 30 پرائیوٹ میڈیکل کالجس میں تعلیمی سال 2026-27 کے دوران داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے زمرہ وار فیس کچھ اس طرح رہے گی ۔ اے زمرہ ( کنوینر کوٹہ ) سالانہ فیس 60 ہزار روپئے ہوگی ۔ بی زمرہ ( مینجمنٹ کوٹہ ) سالانہ فیس 11.55 لاکھ روپئے سے 13 لاکھ روپئے کے درمیان ہوگی ۔ سی زمرہ ( NRI کوٹہ ) بی زمرہ فیس کا دو گنا وصول کیا جاسکتا ہے ۔ خانگی ڈینٹل کالجس میں بی ڈی ایس کے لیے فیس اے زمرہ ( کنوینر کوٹہ ) سالانہ فیس 45 ہزار روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ بی زمرہ ( مینجمنٹ کوٹہ ) سالانہ فیس 4.20 لاکھ روپئے سے 5 لاکھ روپئے تک فیس ہوگی ۔ سی زمرہ ( NRI کوٹہ ) اس زمرے میں بھی بی زمرے کا دو گنا وصول کرنے کی سہولت رہے گی ۔ حکومت کے جاری کردہ جی او میں خانگی کالجس کے ناموں کے ساتھ زمرہ وار فیس کا واضح ذکر کردیا ہے ۔ جس سے میڈیکل کونسلنگ میں حصہ لینے والے ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین کو بڑی راحت ملی ہے ۔۔ 2/m/b