سداشیونگر میں یوم تاسیس تقریب ، ایم ایل سی کے کویتا کا خطاب
یلاریڈی ۔ 03 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل سداشیونگر مستقر پر آج تلنگانہ ریاست کے دسویں یوم تاسیس تقاریب کے تحت یوم کسان پروگرام سے رکن قانون ساز کونسل شریمتی کویتا نے شرکت کرتے ہوئے کسانوں سے خطاب کیا اور کسانوں کیلئے ریاستی حکومت کی اسکیمات کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کو کسان دوست حکومت بتایا اور کہا کہ حکومت کسانوں کو معاشی طورپر مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالابوں کی مرمت کرتے ہوئے اُسے زراعت کے قابل بنایا ۔ شریمتی کویتا نے کہا کہ کسانوں کیلئے حکومت نے مثالی اسکیمات کے ذریعہ روشن مستقبل کا خواب دیکھا ہے جو پورا ہورہا ہے ۔ ریاستی حکومت کے نو سالہ خدمات ملک بھر میں مثالی ہیں۔ ملک کی سرحد پر جس طرح سپاہی ہماری حفاظت کررہا ہے بالکل اسی طرح کسان بھی ملک کی عوام کو غذا فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرکے مثالی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انھوں نے کسانوں کو حوصلہ رکھنے کی صلاح دی اور کہا کہ حکومت ہمیشہ کسانوں کے حق میں رہے گی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سریندر ، اُردو اکیڈیمی چیرمین مجیب الدین احمد نے حکومت کی کسانوں سے متعلق پالیسیوں کی ستائش کی ۔ ضلع پریشد چیرمین شوبھا ، ضلع کلکٹر جیش وی پاٹل ، رکن معاون سید معین الدین و دیگر موجود تھے ۔