نئی دہلی 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہاکہ رافیل معاملت حکومت کی سوچ سے کہیں زیادہ تیزی سے بے نقاب ہوتی جارہی ہے جس میں پی ایم او کی جانب سے متوازی مذاکرات اور دفاعی حصولیابی کے معیاری طریقہ کار میں تبدیلیاں جیسے مسائل آشکار ہورہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹی کا حکومت پر حملہ اخبار ’دی ہندو‘ کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان معاملت ہندوستانی حکومت کی طرف سے عدیم النظیر رعایتوں کے ساتھ ہوئی جس میں انسداد بدعنوانی جرمانوں کے تعلق سے فقرے شامل کئے گئے اور اس کے بعد بین حکومتی معاہدے پر دستخط ہوئے۔ سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے کہاکہ رافیل معاملت حکومت کی توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے آشکار ہورہی ہے۔ سب سے پہلے یہ معلوم ہوا کہ 126 طیاروں کی جگہ محض 36 طیاروں کا کنٹراکٹ طے پایا۔ پی ایم او کی مداخلت کے بعد اب انکشاف ہوا ہے کہ دفاعی حصولیابی کے معیاری طریقہ کار کے فقروں میں بھی تبدیلیاں کی گئیں۔ چدمبرم نے الزام عائد کیاکہ اقتدار اعلیٰ کی طرف سے کوئی ضمانت نہیں ہے، کوئی بینک گیارنٹی بھی نہیں ہے، اس کے باوجود پیشگی رقم ادا کردی گئی۔