حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے عوامی نمائندوں سے ریونت ریڈی کی اپیل

   

کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس، چیف منسٹر نے صدارت کی ‘مجالس مقامی کے انتخابات، حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل کا جائزہ
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچاتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس آج شام حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، تلنگانہ کے انچارج اے آئی سی سی سکریٹریز پی سی وشواناتھ اور پی وشواناتھن کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔ پردیش کانگریس کی صدارت پر مہیش کمار گوڑ کے تقرر پر انہیں اجلاس میں تہنیت پیش کی گئی۔ سی ایل پی اجلاس میں مجالس مقامی انتخابات، کانگریس کے بنیادی سطح پر استحکام ، حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل جیسے اُمور کا احاطہ کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گذشتہ 9 ماہ کے دوران حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر اسکیمات کے فوائد سے آگاہ کریں اور حکومت کے خلاف اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شدت سے مقابلہ کریں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے حلقہ جات کی ترقی کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے مجالس مقامی انتخابات کے پیش نظر عوامی نمائندوں کو متحرک ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ اسمبلی کی طرح مجالس مقامی کے چناؤ میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کے امکانات روشن ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے پارٹی اور حکومت کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا اور کہا کہ کارکنوں میں اعتماد کی بحالی کے ذریعہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے بھی مخاطب کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری دینے پر ہائی کمان و چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کارکنوں میں حکومت کے بارے میں اعتماد کی بحالی کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ریاستی وزراء کو ہفتہ میں دو دن گاندھی بھون میں رہ کر کارکنوں اور عوام سے ملاقات کرنی چاہیئے۔ گذشتہ نو ماہ میں حکومت کے کارناموں و خاص طور پر 6 ضمانتوں پر عمل سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ سے خواہش کی کہ وہ اپنے اپنے حلقہ جات میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل حکومت بی سی مردم شماری کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ بی سی تحفظات میں اضافہ ہو۔ صدر پردیش کانگریس کے تقرر کے بعد کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس کا طلب کرنا ایک روایت ہے تاکہ پارٹی اور حکومت میں بہتر تال میل قائم کیا جاسکے۔ اجلاس کی خصوصیت یہ رہی کہ کانگریس کے عوامی نمائندوں کے علاوہ حال ہی میں بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے بعض ارکان نے شرکت کی۔ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدرنشین اے گاندھی، ڈی ناگیندر، پرکاش گوڑ اور کے سری ہری نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بی آر ایس سے 10 ارکان اسمبلی نے وقفہ وقفہ سے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعہ ہائی کمان سے مہیش کمار گوڑ کے تقرر پر اظہار تشکر کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تجویز پیش کی کہ عوام کے درمیان رہنے والے قائدین کو ضلع کانگریس صدور کے عہدہ پر فائز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے مشقت کرنے والے کارکنوں کیلئے عہدوں کے مواقع ہیں ۔ پارٹی کے مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے 36 قائدین کو نامزد عہدوں پر فائز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی مردم شماری پر راہول گاندھی سنجیدہ ہیں اور تلنگانہ میں مردم شماری کیلئے بی سی کمیشن قائم کیا گیا ہے۔ بی سی تحفظات میں اضافہ مردم شماری کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایس سی درجہ بندی کے مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لینے اتم کمار ریڈی کی زیر قیادت کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ملک میں چوتھی مرتبہ اقتدار حاصل کرنے مودی حکومت لوک سبھا اور اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس بارے میں ہمیں چوکسی کی ضرورت ہے۔
9 ماہ میں ایک دن بھی چھٹی نہیں لی
چیف منسٹر نے کہا کہ 9 ماہ میں ایک دن بھی انہوں نے چھٹی نہیں لی اور عوام کی بہتر خدمت کیلئے دن رات مصروف ہیں۔ ملک کی تاریخ میں کسی بھی حکومت نے 27 دن میں کسانوں کے 18 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف نہیں کئے۔ ریاست میں فیملی ڈیجیٹل کارڈ متعارف کیا جائے گا، ہر شہری کو ہیلت پروفائیل کے ساتھ ڈیجیٹل کارڈ دیا جائے گا۔ ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعہ ریاست کے کسی بھی علاقہ میں راشن حاصل کیا جاسکے گا۔ انچارج وزراء ہفتہ میں 2 مرتبہ ضلع کا دورہ کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اقتدار سے محرومی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔1