چیف منسٹر اور ریاست کیلئے خصوصی دعا، وزیر داخلہ محمد محمود علی، محمد سلیم اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے عرس حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کیلئے غلاف مبارک اجمیر شریف روانہ کیا گیا۔ تلنگانہ بھون میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں اور اقلیتی قائدین نے بصد احترام غلاف مبارک کو روانہ کیا۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے ہر سال خصوصی غلاف تیار کیا جاتا ہے جسے چیف منسٹر اپنے ہاتھوں روانہ کرتے ہیں تاہم اس مرتبہ ناسازی مزاج کے سبب چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں غلاف روانہ کرنے کا پروگرام نہیں رکھا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حضرت خواجہ غریب نواز ؒ نے ہندوستان میں اسلام کو اپنے کردار کے ذریعہ پھیلایا اور آج بھی بلالحاظ مذہب و ملت لاکھوں افراد اجمیر پہنچ کر فیضیاب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا لحاظ مذہب و ملت لوگ عقیدت و احترام کے ساتھ اجمیر میں حاضری دیتے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے ہر سال پابندی کے ساتھ غلاف روانہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چیف منسٹر کے سی آر جیسا دوراندیش و سیکولر قائد موجود نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے زائرین کی سہولت کیلئے اجمیر میں ایک رباط قائم کرنے کیلئے ایک ایکر اراضی خریدی ہے۔ تعمیری کاموں کا عنقریب آغاز ہوگا۔ رباط کی تعمیر سے تلنگانہ کے زائرین کو قیام کی سہولت حاصل ہوگی۔ غلاف کی روانگی کے موقع پر چیف منسٹر ان کے افرادِ خاندان کی درازی عمر، تلنگانہ کی ترقی اور کورونا وباء کے خاتمہ کیلئے دعا کی گئی۔صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے ہر سال غلاف پابندی سے روانہ کیا جارہا ہے جو چیف منسٹر کے سیکولرازم کا ثبوت ہے۔ غلاف کے ساتھ وقف بورڈ کے 4 ملازمین کو بذریعہ طیارہ روانہ کیا جارہا ہے۔ غلاف کی تیاری پر تقریباً 50 ہزار کا خرچ آیا جبکہ 51 ہزار روپئے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بطورِ نذرانہ حوالے کیا جائے گا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ، سابق ایم ایل سی سرینواس ریڈی، سابق صدورنشین مسیح اللہ خاں، مولانا یوسف زاہد، محمد قمر الدین ، اکبر حسین کے علاوہ پارٹی کے اقلیتی قائدین شریف الدین، منیر الدین، صوفی سلطان شطاری، رحیم اللہ خاں نیازی،ایم اے وحید، امتیاز احمد، خواجہ بدر الدین، عبدالمقیت چندا، عبدالباسط، سراج الدین قادری، واسع قادری اور دوسرے موجود تھے۔ر