حکومت کی گاڑی کمپنیوں سے ملی بھگت، عوام پریشان

   

نئی دہلی، یکم جولائی (یو این آئی) دہلی ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے دہلی حکومت کی جانب سے پرانی گاڑیوں پر لگائی گئی پابندی کو ’عوامی مفاد کے خلاف سازش‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پالیسی میں گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ حکومت کی ’ملی بھگت‘ صاف نظر آرہی ہے ۔ ڈاکٹر کمار نے منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی اور دہلی حکومتیں زبردستی مکمل طور پر فٹ اور آلودگی سے پاک پرانی گاڑیوں کو اسکریپ ثابت کرکے نئی گاڑیوں کی فروخت کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔ یہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی ہے جس کے ذریعے گاڑی کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے اور دہلی کے عام لوگوں پر معاشی بوجھ ڈالا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس- 2 سے بی ایس- 6 تک کے اخراج کے سخت معیارات کے باوجود حکومت 10 یا 15 برسوں میں گاڑیوں کو اسکریپ میں تبدیل کر رہی ہے ۔ یہ پالیسی منطقی نہیں بلکہ غیر منصفانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو واقعی آلودگی کی فکر ہے تو اسے ایسی ٹیکنالوجی پر توجہ دینی چاہیے جو زیرو ایمیشن والی گاڑیاں تیار کر سکے۔