حکومت کے باوقار منصوبہ‘ فِیوچر سٹی کی ویب سائٹ کی تیاری

   

حیدرآباد2اگست (یو این آئی) تلنگانہ حکومت کی جانب باوقار شروع کردہ ‘فیوچر سٹی’ منصوبہ کی ترقی میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی ہدایت پر 15 اگست تک ‘فیوچر سٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی’ کے نام سے ایک نئی ویب سائٹ کا آغاز کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس ویب سائٹ کی تیاری کی ذمہ داری آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ایک مخصوص ونگ کو سونپی گئی ۔ یہ ویب سائٹ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے طرز کی ہوگی اور اس کے ذریعہ فیوچر سٹی سے متعلق تمام معلومات، درخواستیں، منظوریوں کا عمل اور دیگر سرکاری و نجی تفصیلات حاصل کی جا سکیں گی۔ صنعتی، رہائشی، تعلیمی، کثیرمنزلہ عمارتوں اور آئی ٹی بلڈنگس کی تعمیر کے لیے درکار اجازت نامے اسی ویب سائٹ سے آن لائن حاصل کیے جا سکیں گے ۔ عوام، سرکاری و نجی ادارے اور صنعت کار اس کے ذریعہ ضروری معلومات اور خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ فیوچر سٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کمشنر کے طور پر ایک آئی اے ایس افسر کو مقرر کیا گیا ہے اور 36 افسران پر مشتمل ایک مکمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ ان افسران کے میدان میں سرگرم ہوتے ہی اراضی کے حصول، ترقیاتی کاموں اور دیگر اہم مراحل میں تیزی آنے کی توقع ہے ۔