حکومت کے طاقت کے مظاہرے کے بعد مدھیہ پردیش سیاسی اتھل پتھل

   

بھوپال،25جولائی(سیاست ڈاٹ کام )مدھیہ پردیش اسمبلی میں کل ایک بل پر ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ حکومت کے طاقت کے مظاہرے کے بعد ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق اپنے دو ارکان اسمبلی کے کانگریس کی طرف جانے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر راکیش سنگھ کل دیر رات ہی بھوپال لوٹ آئے ۔مسٹر سنگھ آج یہاں پارٹی کے اعلی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کرکے آگے کی حکمت عملی طے کریں گے ۔سمجھا جارہا ہے کہ مسٹر سنگھ پارٹی کے دو ارکان اسمبلی کے پارٹی بدلنے کے بعد بدلی ہوئی صورت حال کے بارے میں سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان،اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگو سمیت دیگر اراکان اسمبلی کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔پارٹی بلدنے والے دونوں ارکان اسمبلی پر آگے کی کارروائی کے بارے میں بھی میٹنگ میں بات چیت ہونے کا امکان ہے ۔اس سے پہلے کل مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر گوپال بھارگو کے ذریعہ وزیراعلی کمل ناتھ کو چیلنج دینے کے تقریباً چار گھنٹے بعد ہی ایک ترمیمی بل پر ووٹنگ کے ذریعہ کانگریس نے ایک طرف جہاں اکثریت ثابت کردیا،وہیں بی جے پی کے دو اراکین اسمبلی کو اپنی طرف لاکر اپوزیشن کو فی الحال بیک فٹ پر لیادیاہے ۔پارٹی بدلنے والے دونوں ارکان اسمبلی نارائن تریپاٹھی اور شردکول نے کہا کہ وہ ترقی کے ایجنڈے کولے کر وزیراعلی کمل ناتھ کے ساتھ ہیں۔دونوں نے دعوی کیا کہ یہ ایک طرح سے ان کی گھر واپسی ہے ۔