حکومت 150 موبائیل فش آؤٹ لیٹس شروع کریگی

   

حیدرآباد : حکومت کی جانب سے شہر میں 150 موبائیل فش آؤٹ لیٹس شروع کئے جائیں گے۔ اس طرح ہر ڈیویژن میں ایک آؤٹ لیٹ ہوگا۔ وزیر انیمل ہسبینڈری و سمکیات ٹی سرینواس یادو نے جمعہ کو اسمبلی میں یہ بات کہی۔ وقفہ سوالات کے دوران ایوان میں ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیرسمکیات نے کہا کہ حکومت ریاست میں بڑے پیمانے پر فش کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔ چنانچہ اس سلسلہ میں 100 فیصد سبسیڈی کے ساتھ فش سیڈ کی سپلائی 2016-17ء میں شروع کی گئی جو تمام ذخائر آب اور چھوٹے تالابوں کو سربراہ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2016-17ء تا 2020-21ء حکومت نے 59,932 ذخائر آب، تالابوں، جھیلوں کو 208.65 کروڑ روپئے مالیتی 260.68 کروڑ فش سیڈ سربراہ کئے۔ فبروری 2021ء میں مچھلی بشمول جھینگا مچھلی کی جملہ پیداوار 2,90,733 ٹن تھی جس کی مالیت 4,364 کروڑ روپئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فش کلچر کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے انٹیگریٹیڈ فشریز ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت مارکٹ سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو ہائی وے پر شمس آباد کے قریب راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے نزدیک ایک فش مارکٹ قائم کرنے کی تجویز ہے۔