ممبئی ٹرین حادثہ پر راہول گاندھی کا شدید رد عمل‘ریلوے کی بد نظمی پر تنقید
ممبئی ۔9؍جون ( ایجنسیز )مہاراشٹرا کے ممبئی سے ملحق ٹھانے میں ممبرا ریلوے اسٹیشن کے پاس چلتی ہوئی ٹرین سے کئی مسافر گر گئے۔ اس حادثے میں 6 مسافروں کی موت ہو گئی۔ اس دردناک واقعہ پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہول گاندھی نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بھی بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ جب مودی حکومت 11 سال کی ’خدمت‘ کا جشن منا رہی ہے تب ملک کی حقیقت ممبئی سے سامنے آ رہی دردناک خبر میں نظر آٓتی ہے– ٹرین سے گر کر کئی لوگوں کی موت ہوئی ہے۔یہ بیان راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دیا ہے۔ انھوں نے ریلوے نظام کی بدتر حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ہندوستانی ریل کروڑوں کی زندگی کی ریڑھ ہے لیکن آج عدم تحفظ، بھیڑ اور بدانتظامی کی علامت بن چکی ہے۔ مودی حکومت کے 11 سال میں نہ ہی جوابدہی ہے، نہ تبدیلی ہے، صرف تشہیر ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ حکومت 2025 پر بات کرنا چھوڑکر اب 2047 کے خواب فروخت کر رہی ہے۔ ملک آج کیا برداشت کر رہا ہے، یہ کون دیکھے گا؟ میں مہلوکین کے خاندانوں کے تئیں گہری ہمدردی ظاہر کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔قابل ذکر ہے کہ پیر کی صبح ممبئی سے لکھنؤ جا رہی پشپک ٹرین سے گر کر 6 مسافروں کی موت ہو گئی۔ سنٹرل ریلوے کے مطابق یہ حادثہ دیوا۔کوپر ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا۔ دی گئی اطلاع کے مطابق کچھ مسافر سی ایس ایم ٹی کی طرف سفر کر رہے تھے کہ تبھی وہ ٹھانے کے ممبئی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے گر گئے۔