حیات نگر میں چھ رکنی سارقوں کی ٹولی گرفتار

   

مسروقہ تین لاکھ روپئے مالیتی اشیاء ضبط، اے سی پی گاندھی نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیات نگر پولیس نے راتوں میں سرقہ و رہزنی کرنے والی ایک 6 رکنی ٹولی کو بے نقاب کردیا جن میں پانچ نابالغ لڑکے بھی شامل ہیں جو اکثر رات کے اوقات میں گاڑیوں میں سورہے ڈرائیورس کو اپنا نشانہ بناتے تھے۔ کیاب ڈرائیورس، لاری ڈرائیورس اور دیگر افراد کو یہ ٹولی اپنی رہزنی اور سرقہ کی واردات کا نشانہ بناتی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ونستھلی پورم مسٹر گاندھی نارائنا نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے آج یہاں اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 19 سالہ رنجیت اور 20 سالہ امیر خان ساکنان حیات نگر کے علاوہ دیگر 4 نابالغ لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ ٹولی جملہ 7 معاملات میں ملوث ہے جس میں 5 مقدمات حیات نگر پولیس اسٹیشن میں درج ہیں جبکہ ایل بی نگر میں ایک اور یاچارم میں ایک ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں رات کے وقت اپنی گاڑیاں سڑک کے کنارے لگاکر آرام کرنے والے ڈرائیورس سے یہ لوگ سیل فون اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرتے تھے ۔ پولیس نے جملہ تین لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔