حیدآباد میں سڑک پر LED لائٹس ’’سوپر آئیڈیا‘‘ : امیتابھ بچن

,

   

شہر میں زیبرا کراسنگ پر پیدل چلنے والوں کو آسانی فراہم کرنے ٹریفک پولیس کا اقدام، بگ بی کی ستائش
حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں مصروف ترین اوقات میں سڑکوں کو عبور کرتے وقت پیدل راہروؤں کیلئے سخت مشکل درپیش ہوتی ہے۔ بے تحاشہ، بے ہنگم ٹریفک سے پیدل چلنے والوں کو جان ہتھیلی پر رکھ کر چلنا پڑتا ہے۔ حیدرآباد کی ٹریفک پولیس اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے بی آر پارک سگنل کے اسٹاپ لائن پر LED لائٹس نصب کئے ہیں۔ یہ نیا اقدام قابل ستائش ہے۔ بالی ووڈ کے سوپر اسٹار امیتابھ بچن نے حیدرآباد کی سڑک پر ایل ای ڈی لائٹس نصب کرنے کے اقدام کو سوپر آئیڈیا قرار دیا اور حیدرآباد ٹریفک پولیس کی ستائش کی۔ بگ بی BIGB نے کہا کہ ٹریفک سگنل پر شہر میں زیبرا کراسنگ سے گذرنے والے شہریوں کو آسانی فراہم کرنے کیلئے نصب کردہ ایل ای ڈی لائیٹس کو شاندار آئیڈیا قرار دیا۔ بدلتے کلر والے ایل ای ڈی لائٹس کو دیکھ کر موٹر رانوں کو سنگل پر رک جانے کی ترغیب ملتی ہے اور پیدل چلنے والے شہریوں کو کسی رکاوٹ یا خطرے کے بغیر سڑک عبور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ پولیس اور بلدی حکام کا یہ آئیڈیا سوپر ہے ۔ امیتابھ بچن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے سگنل کا ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کیا ہے۔ حیدرآباد میں کئی چوراہوں پر ٹریفک کا اژدھام رہتا ہے۔ اس طرح کے بی آر پاک کا سگنل بھی حیدرآباد کا سب سے زیادہ ٹریفک بہاؤ والا چوراہا ہے جہاں سگنل پر ایل ای ڈی لائیٹس لگائے گئے ہیں۔ بگ بی نے مزید لکھا کہ ان لائیٹس سے موٹررانوں کو پیدل چلنے والوں کے سڑک عبور کرنے تک رک جانے کی ترغیب ملتی ہے کیونکہ یہ لائیٹس زیبراکرس سے تھوڑے ہی فاصلے پر نصب کئے گئے ہیں۔ بلدی عہدیداروں اور ٹریفک پولیس نے اس نئے اختراعی اقدام کے ذریعہ سرخ، پیلا اور سبز رنگ کے چمکتے دمکتے لائیٹس لگائے ہیں جس میں رک جانے، دھیرے چلنے اور آگے بڑھنے کی علامتیں پائی جاتی ہیں۔