حیدآباد۔ انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز

   

کے خلاف شاندار بولنگ کر کے تہلکہ مچانے والے رائل چیلنجرز بنگلور کے فاسٹ بولر محمد سراج کی مقامی اخبارات میں شائع تصاویر نے ان کے بیمار والد کی آدھی تکلیف کودور کردیا ہے ۔ اس عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ہر ایک کی زبان پر سراج کے نام اور آبائی ریاست حیدرآباد کے ہر اخبار میں شائع ان کی تصویر دیکھ کر والد کی طبیعت میں افاقہ پر سراج نے کہا کہ ان کے والد بیمار ہیں اور وہ ان سے ملنے گھر نہیں جاسکتے ہیں جس کا انہیں زبردست ملال ہے ۔سراج نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیمار والد کے ساتھ وقت گزارنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں وہ بیمار ہیں۔ ان کے پھیپھڑوں کی پریشانی بڑھ گئی ہے ۔ انہیں سانس لینے میں بہت پریشانی ہو رہی ہے ۔ میں ان کے بارے میں بہت پریشان ہوں اور میں ان کی تیمارداری اور دلجوئی کے لئے گھر بھی نہیں جاسکتا۔ میں ان کے ساتھ فون پر بات کرتا ہوں لیکن جب وہ رونے لگتے ہیں تو میں ان کو دلاسہ نہیں دے پاتا اور فون کاٹ دیتا ہوں۔ وہ آخری میچ سے قبل ہی دواخانے میں داخل کئے گئے تھے ۔میں بہت پریشان تھا اور ان کی بہتر صحت کے لئے دعا کر رہا تھا۔سراج نے کہا کہ شہر کے اخبار میں ان کی تصویر دیکھ کر والد بہت خوش ہوئے ۔ جب میں نے انہیں میچ کے بعد فون کیا تو مجھے بہت حیرت ہوئی کہ میرے والدگھر پر تھے ۔ میں بہت خوش تھا کیونکہ میچ میرے لئے بہت اچھا تھا۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں اور اچھا لگ رہا ہے کہ ہر شخص بیٹے کی تعریف کے لئے فون کر رہا ہے ۔ حیدرآباد کے ہر اخبار میں بیٹے کی تصویر شائع ہوئی ۔ میں نے کہا یہ سب آپ کی دعاؤں کا اثر ہے ۔