حیدرآبادشہر میں ادب کے مطالعہ کی عادت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت

   

دو روزہ وائی آف ورڈس ادبی فیسٹیول کا افتتاح، ماہرین تعلیم بیورو کریٹس اور مصنفین کا خطاب

حیدرآباد ۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) ادب کی کوئی سرحد ،کوئی علاقہ کی کوئی حد نہیں ہوتی بلکہ ادب مختلف تہذیب و تمدن، ملکوں و علاقوں کی نمائندگی کرنے والوں کو جوڑتا ہے اور انہیں ملاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ادبی و علمی شخصیتوں نے Valley of Wards (وادی الفاظ) ادبی فیسٹیول کے آغاز کے موقع پر خطاب میں کیا جس کا اہتمام ڈاکٹر مری چناریڈی ایچ آر ڈی انسٹیٹیوٹ حکومت تلنگانہ جوبلی ہلز میں والی آف ورڈس فاؤنڈیشن دہرادون نے کیا تھا۔ یہ فیسٹیول اتوار کو بھی جاری رہے گا جس میں 15 کتابوں پر پیانل مباحث ہوں گے جن میں سعادت حسن منٹو کی کتاب کا ہندی ترجمہ بھی شامل ہے۔ مسٹر ہرپریت سنگھ آئی اے ایس ڈی جی ڈاکٹر ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹیٹیوٹ و اسپیشل چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ نے خیرمقدم کیا۔ پروفیسر ای سریش کمار وائس چانسلر انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی ایفلو و رکن یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ مطالعہ کی عادت ڈالیں کیونکہ مطالعہ آپ کی سوچ و فکر کے دائرہ کو بڑھاتا ہے، ذہن کو روشن کرتا ہے، نئے تجربات سے آگاہ کرتا ہے نتیجہ میں پیشہ وارانہ سطح پر کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مصنفین اور ماہرین تعلیم کو مشورہ دیا کہ وہ ادب میں ایسی کتابوں کا اضافہ کریں جو نوجوان نسل کی ذہنی ترقی کا باعث بنیں۔ ڈاکٹر سنجیو چوپڑہ آئی اے ایس ریٹائرڈ سابق ڈائرکٹر لال بہادر شاستری اکیڈیمی آف ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ Valley of Words ادبی فیسٹیول نے دنیا بھر کے مصنفین سے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا جنہوں نے ہندی، اردو، گجراتی، منی پوری اور آسامی زبانوں کی کتب کے انگریزی اور دوسری زبانوں میں تراجم کئے۔ پروفیسر ٹی وجئے کمار ڈائرکٹر حیدرآباد لٹریری فیسٹیول نے آنجہانی نریندر لوتھر آئی اے ایس ریٹائرڈ کی انگریزی کتاب The Family Saga کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس کتاب میں قارئین کو مثبت انداز میں اور امید سے زندگی گذارنے کا سبق دیا گیا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر سریش کمار اور دیگر اہم شخصیتوں نے کتاب کی رسم اجراء بھی انجام دی۔ ڈاکٹر کنے گنٹی رمیش بابو بانی و اگزیکیٹیو ڈائرکٹر سینئر فار ہیومن سیکوریٹی اسٹڈیز نے افتتاحی تقریب کی نظامت کی۔ آنجہانی نریندر لوتھر کے فرزند راہول لوتھر نے شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس علی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیاست ٹی وی اور روزنامہ سیاست سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنجیو چوپڑہ آئی اے ایس ریٹائرڈ نے کہا کہ حیدرآباد ہندوستان کا سب سے صاف ستھرا اور سرسبزوشاداب شہر ہے۔ یہ شہر محبتوں کا شہر ہے۔ مہمان نوازی، محبت و مروت، ہمدردی اور سب سے بڑھ کر انسانیت نوازی جیسی خصوصیات اس کی پہچان ہے۔ یہاں ٹکنالوجی بھی ہے اور روایتی تہذیب و آداب بھی ہیں۔ یہ شہر ادب کا شہر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی مٹھاس بلالحاظ مذہب و ملت، ذات و پات، رنگ و نسل و علاقہ سب کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔