حیدرآباد:عید گاہوں میں نماز عید کی اجازت نہیں: وزیر داخلہ محمد محمود علی

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ریاست کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز عید قریبی مسجد یا اپنے گھروں میں ادا کریں جس طرح نماز عیدالفطر ادا کی گئی تھی۔ وزیر داخلہ نے منگل کے روز کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور زونل کمشنرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بقر عید کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عیدین کے موقع پر ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں جس سے سماجی فاصلہ اور لاک ڈاؤن کی پابندی کرنا مشکل ہوجاتا ہے اس لئے تلنگانہ حکومت نے ریاست کی عیدگاہوں میں کوئی انتظامات نہیں کئے ہیں۔کسی بھی عید و تہوار میں عوام کو اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ عید کے موقع پر مصافحہ و معانقہ سے بھی گریز کریں۔

افراد خاندان سے بھی فاصلہ رکھتے ہوئے مبارکباد دیں۔ وزیر داخلہ نے بلدی حکام کو ہدایت دی کہ عیدالاضحی کے تینوں دن شہر میں صحت و صاف صفائی کا خصوصی انتظامات کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ محکمہ بلدیہ ہر سال قربانی کے دنوں میں بہتر انتظامات کرتی ہیں لیکن چونکہ کورونا وائرس کی وباء عروج پر ہے۔ اس لئے اس مرتبہ زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے وزیر داخلہ کو تیقن دلایا کہ محکمہ بلدیہ کی جانب سے صاف صفائی و حفظان صحت کیلئے ہرممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے موقع پر اپنے مکانات اور اطراف و اکناف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔