حیدرآبادمیں پہلی مرتبہ میٹرو ٹرین میں انسانی دل کی منتقلی

,

   

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں پہلی مرتبہ حیدرآباد میٹرونے دل کی پیوند کاری کے لئے اپنی خدمات پیش کی اور دل کو میٹرو ٹرین میں کامیابی کے ساتھ منتقل کیاگیا۔ کامینینی ہاسپٹل ایل بی نگر سے اِس دل کو جوبلی ہلز کے اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں زیرعلاج مریض کی جان بچائی جاسکی۔ میٹرو ٹرین نے 30 منٹ کے اندر 31 کیلو میٹر کی مسافت طے کرکے دل منتقل کرتے ہوئے ایک انسان کی جان بچانے میں مدد کی۔ یہ دِل نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ کسان کا تھا جسے ذہنی طور پر مردہ قرار دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر جی کے گوکھلے اپولو ہاسپٹل کی زیرقیادت اپولو دواخانہ میں کامیاب سرجری کی گئی۔ دل کی منتقلی کے خصوصی انتظامات کے وی بی ریڈی ایم ڈی او و سی ای او، ایل اینڈ ٹی ایم آر ایچ ایل کی نگرانی میں کئے گئے۔ اب تک ایک اسپتال سے انسانی اعضا کی دوسرے اسپتال بذریعہ سڑک منتقلی کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے گرین چینل فراہم کیاجاتا تھا۔اس گرین چینل کے ذریعہ دونوں اسپتالوں کے روٹس کی دیگر تمام ٹریفک کو روک کر انسانی اعضا منتقل کرنے والی ایمبولنس کو راستہ فراہم کیاجاتا تھا اور چند ہی منٹوں میں انسانی اعضا کو ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال منتقلی کویقینی بنایاجاتا تھا تاہم شہر میں پہلی مرتبہ میٹرو ریل خدمات نے یہ گرین چینل فراہم کیا۔