حیدرآبادی صحافی سشیل راؤ کی ڈاکیومنٹری فلم اور شارٹ فلم کو انڈین ورلڈ فلم فیسٹول میں ایوارڈز

   

حیدرآباد۔/21 مارچ، ( سیاست نیوز) ممتاز صحافی چلکوری سشیل راؤ کی تیار کردہ ڈاکیومنٹری فلم’سواپنیکا ‘ SWAPNIKA کو ساتویں انڈین ورلڈ فلم فیسٹول 2023 میں بین الاقوامی شناخت حاصل ہوئی ہے۔ حیدرآباد میں 19 مارچ کو منعقدہ فلم فیسٹول کا اہتمام مِنی باکس آفس گریٹر نوئیڈا نے کیا تھا جس میں دنیا بھر سے مختلف زمرہ جات میں 200 انٹریز وصول ہوئی تھیں۔ ڈاکیومنٹری ’ سواپنیکا ‘ کو ’’سرٹیفکیٹ آف ایکسلینس اسپیشل فیسٹول مینشن‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈی سی سنگھ چیف اڈوائزر اور رامبھل سنگھ فیسٹول ڈائرکٹر نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ فلم فیسٹول میں ڈاکیومنٹری فلموں کے زمرہ میں ہندوستان کے علاوہ اسپین، ارجنٹینا، سویڈن، امریکہ، برطانیہ، سوئٹزر لینڈ، برازیل، بلجیم، چِلی، ساؤتھ کوریا ، ڈنمارک اور جرمنی سے انٹریز موصول ہوئی تھیں۔ فلم فیسٹول میں سشیل راؤ کی تیار کردہ ایک اور شارٹ ڈاکیومنٹری فلم “Nostalgia” کو سرٹیفکیٹ آف ایکسلینس سے نوازا گیا۔ یہ فلم اسکولی طلبہ کی دوستی اور ان کی اپنے اسکول اور ٹیچرس سے محبت اور احترام پر مبنی ہے۔ 101 سالہ قدیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سکندرآباد کے سابق طلبہ کی جانب سے منعقدہ Nostalgia ڈے تقاریب پر مبنی ہے۔ جنوری 2023 میں منعقدہ اس پروگرام میں ٹی ہب کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر ایم سرینواس راؤ مہمان خصوصی تھے۔ میوزک ڈائرکٹر بینو جوزف نے ڈاکیومنٹری نوستلوگیہ کیلئے بیاگراؤنڈ میوزک دی ہے جبکہ ایلیجا ایمانیول نے پیش کیا ہے۔ ٹائٹل سانگ کو چلکوری نیشان سمپرت نے گایا ہے۔ ’’سواپنیکا ‘‘ ڈاکیومنٹری فلم سریکاکولم ضلع آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی کہانی ہے جو بچپن میں برقی شاک کے نتیجہ میں اپنے دونوں سے محروم ہوجاتی ہے۔ سواپنیکا معذوری کے باوجود تعلیم جاری رکھتے ہوئے اپنی ڈگری کی تکمیل کرتی ہے۔ وہ ایک آرٹسٹ بھی ہے جسے ماؤتھ آرٹسٹ سواپنیکا کے نام سے شہرت حاصل ہے۔ مشکل حالات کے باوجود اس کی کامیابیوں کو اس ڈاکیومنٹری فلم میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم میکر چلکوری سشیل راؤ نے انڈین ورلڈ فلم فیسٹول میں ڈاکیومنٹری فلمس کو ایوارڈز اور اعزازات ملنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ر