حیدرآبادی طالب علم اٹلی میں مردہ پایا گیا

   

حیدرآباد 8 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم جو اٹلی میں اعلی تعلیم حاصل کر رہا تھا آج مشتبہ حالت میں مردہ پایا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ سکندرآباد کے پدما راؤ نگر کا ساکن پی اودئے کمار 28 سال 2018 میں اٹلی گیا تھا ۔ وہاں اس نے اسپائنزا یونیورسٹی سے ایم ایس کی تکمیل کی ۔ وہ کورونا کے دوران 2020 میں شہر واپس ہوا ۔ صورتحال میں بہتری کے بعد وہ 2021 میں دوبارہ اٹلی گیا تاکہ اعلی تعلمے حاصل کرکے ۔ وہ روم شہر میں ایک کمرے میں مقیم تھا ۔ 4 نومبر کو اس کے افراد خاندان کو ای میل پر موت کی اطلاع ملی ۔ والدین نے اس کے دوستوں اور رو م میٹ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں کوئی تشفی بخش جواب نہیں مل سکا ۔ متوفی طالب علم کے والدین نے آج وزیر سنیماٹو گرافی ٹی سرینواس یادو سے ملاقات کرتے ہوئے نعش کو واپس لانے میں مدد کی اپیل کی ۔ وزیر سرینواس یادو نے اس سلسلہ میں ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ۔ وزیر موصوف نے موت کی وجہ کا پتہ چلانے میں بھی ہر ممکن تعاون اور مدد کا تیقن دیا ۔