حیدرآباد۔نو شادی شدہ 19سالہ عورت نے کی خودکشی۔ گھر والوں نے سسرال پر لگائی ہراسانی کا الزام

,

   

حیدرآباد۔پرانے شہر کے چندرائن گٹہ علاقے میں منگل کی رات اپنے سسرال کے گھر میں ایک 19سالہ نو شادی شدہ عورت نے مبینہ طور پر پھنکے سے لٹک کرخودکشی کرتے ہوئے اپنی جان دیدی ہے۔

متوفی فردوس بیگم(19) جس کی شادی 27سالہ محمد اقبال سے 5نومبر کو اسی سال ہوئی تھی‘ مبینہ طور پر یہ انتہائی اقدام شوہر اور سسرال والو ں کی ہراسانی کے بعد اٹھایاہے۔

متوفی کے والد کے بموجب اسکے ساتھ ہراسانی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب مرنے والی عورت کو اس بات کی جانکاری ملی تھی کہ شوہر کی پہلے ہی کسی دوسری عورت سے شادی ہوئی ہے اور اس کی ایک بیٹی بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فردوس اور اس کے گھر والے اس بات سے واقف نہیں تھے۔ متوفی کے والد سید جہانگیر نے کہاکہ ”دھوکہ دینے کے متعلق شوہر سے جب بھی وہ پوچھتی تو اس کو مارا اور پیٹا جاتا تھا“۔

مسلسل ہراسانی کا سامنا کرنے کے بعد فردوس نے اس مسئلے سے والد کو واقف کروایاتھا۔ جہانگیر نے کہاکہ ”اس نے شوہر او رسسرال والوں کی جانب سے دئے جانے والے درد کو برادشت نہیں کرسکے اور اپنی جان دیدی ہے“۔

جہانگیر نے مزیدکہاکہ عثمانیہ اسپتال نعش کو منتقل کرنے کے بعد انہیں رات کو بیٹی کے سسرال والوں کی جانب سے کال موصول ہوا تھا۔

انہوں نے الزام لگایاکہ متوفی کے گھر والوں کے اسپتال پہنچنے تک شوہر اور سسرال کے دیگر لوگ اسپتال سے فرا ر ہوگئے تھے۔ اس کے بعد ہی مذکورہ فیملی چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوئی تھی۔

تاہم انہوں نے الزام لگایاکہ پولیس اہکاروں نے ان کی شکایت لینے سے انکار کردیا ہے۔

جہانگیر نے کہاکہ ”چہارشنبہ کے روز2:30کے قریب میں اپنی فیملی کے ساتھ چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن شکایت درج کرانے کے لئے پہنچا مگر پولیس عہدیداروں نے شکایت لینے سے انکارکردیا تھا“۔

چہارشنبہ کی دوپہر کو مذکورہ فیملی نے پولیس اسٹیشن پر دھرنا منظم کرتے ہوئے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف فوری کارائی کرنے اور شکایت درج کرانے کا مطالبہ کیا۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 19سالہ عورت کی مشتبہ موت کا ایک معاملہ درج کرلیاہے۔پولیس نے کہاکہ اس معاملے میں جانچ کی جارہی ہے۔